نئی دہلی۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ سماجی ہم آہنگی کی قیمت پر سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ تاہم، ایک دانستہ ہندوتوادی فاشسٹ ایجنڈے کے تحت، بھارتیہ جنتا پارٹی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً سماجی دراڑیں پیدا کر رہی ہے۔
کرنا ٹک کے ہبلی عیدگاہ گراؤنڈ میں انتہا پسند تنظیموں سری رام سینا اور وشو ہندو پریشد کی موجودگی میں گنیش کی مورتی کو نصب کرنا صاف ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی اور اس کی ذیلی ملک دشمن تنظیمیں سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنا اور سماج میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے کہا کہ انجمن اسلام کو زمین 999 سال کے لیے لیز پر دیے جانے کے باوجود عیدگاہ گراؤنڈ پر گنیش چترتی کے تہوار کی اجازت دینا بی جے پی حکومت اور اس کے فاشسٹ لیڈروں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر پولرائز کرنے کے ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ وہ حکمرانی کے تمام محاذ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔