حیدرآباد: اسکولوں میں کتنی بار غیر تعلیمی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں جو کامیاب کیرئیر میں بدل جاتی ہیں؟ اسکولی تعلیم کے دوران حیدرآباد کی سیدہ فلک کی ایک ایسی ہی کھیل کی سرگرمی نے انہیں بین الاقوامی کراٹے چیمپئن بنادیا۔
سیدہ فلک اس وقت سلطان العلوم کالج سے ایل ایل بی کر رہی ہیں، وہ آل انڈین مجلس اتحاد المسلمین پارٹی کی رکن بھی ہیں۔ وہ اب تک 20 قومی اور 22 بین الاقوامی چیمپئن شپ جیت چکی ہیں۔ فلک کو حیدرآباد کی گولڈن گرل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
فلک کا سفر
فلک 7 سے 11 ستمبر کے درمیان برمنگھم برطانیہ میں ہونے والی کامن ویلتھ کراٹے چیمپئن شپ 2022 میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سیدہ فلک 68 کلوگرام سینئر فیمیل انفرادی کمائٹ کیٹیگری میں حصہ لیں گی۔
چیمپئن نے کہا کہ ” میری بڑی بہن نے مجھے کراٹے سکھائے تھے، اور شروع میں اس کراٹے سیکھنے کا مقصد صرف اپنا دفاع اور فٹنس کو بڑھانا تھا”۔
ایک پیشہ ور کراٹے کھلاڑی کے طور پر اپنے سفر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فلک نے کہا "جب میں نے اپنے والدین سے کہا کہ میں اسے بطور پیشہ اختیار کرنا چاہتی ہوں، تو میرے والدین گھبرا گئے۔ تاہم میری بڑی بہن سیدہ ایمن نے انہیں راضی کیا، جس سے مجھے شروع کرنے میں مدد ملی۔
فلک کا کراٹے کھلاڑی کے طور پر سفر 2006 میں اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے انٹر اسکول مقابلے کے دوران چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے بعد فلک نے جنوری 2007 میں انڈو سری لنکن چیمپئن شپ میں حصہ لیا، اسی سال مئی میں فلک نے نیپال میں ہونے والی انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیا۔
کراٹے چیمپیئن کی فٹنس نظام اور ڈائیٹ
فلک نے اپنی فٹنس اور ڈائیٹ کے بارے میں کہا "میں ہفتے میں چھ دن کمائیٹ (جھڑی)، فٹ ورک اور جسم کو مضبوط بنانے پر توجہ کے ساتھ مشق کرتی ہوں۔” انہوں نے مختلف ٹورنامنٹس میں متوازن غذا پر زور دیا۔
گولڈن گرل نے اپنے آئیڈیل کے بارے میں کہا کہ "میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والے کراٹے چیمپئن رافیل ادہایف سے متاثر ہوں۔” انہوں نے اپنے کوچز محمد شفیع اور الطاف عالم کو ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کا سہرا بھی دیا۔
حجاب اور کراٹے
فلک نے کہا کہ اسپورٹس پرسن ہونے کے ناطے، اپنی مذہبی شناخت کو برقرار رکھنا تھوڑا مشکل ہوسکتا ہے۔ تاہم حجاب کے ساتھ کھیل کے بارے میں فلک نے کہا "میں نے ڈھائی سال پہلے اپنی مرضی سے دوپٹہ پہننا شروع کیا تھا۔ پہلے تو یہ تھوڑا سا ناگوار تھا لیکن مجھے عادت ہو گئی۔ تاہم، میں حجاب مشق کے دوران نہیں پہنتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں نے اس سال جنوری میں حجاب پہننا شروع کیا جب سے مجھے اللہ کی طرف سے ہدایت ملی”۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ اپنے کیرئیر کو ذہن میں رکھتے ہوئے حجاب پہننے کے بارے میں خوف محسوس کرتی ہیں، فلک نے کہا "میں حجاب اپنے کیریئر میں رکاوٹ نہیں سمجھتی۔”
فلک کے مستقبل کے مقاصد
اپنے مستقبل کے مقاصد پر فلک نے کہا کہ وہ حالات کے ساتھ چلنا پسند کرتی ہے اور جب تک ممکن ہو کراٹے کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔ گولڈن گرل نے یہ بھی بتایا کہ خواتین کے لیے اکیڈمی شروع کرنا چاہیں گی۔
اپنے سیاسی کیرئیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے فلک کا کہنا تھا کہ ‘فی الحال میرے لیے سیاست پر پوری توجہ مرکوز کرنا بہت مشکل ہے، تاہم میں اس موقع کو لوگوں کے چیلنجز کو سمجھنے اور قابل عمل حل فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہوں’۔