MBT Leader On Prophet Row in Hyderabad
تلنگانہ

شان رسالت ﷺ میں گستاخی قابل قبول نہیں: امجد اللہ خان خالد

حیدرآباد: مجلس بچاو تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ سنگھ سنہ 2000 میں کارپوریٹر منتخب ہوا اور 2014 میں رکن اسمبلی۔ 2014 سے 2022 تک راجہ سنگھ نے جتنی بھی مرتبہ تقاریر کی ہیں ہر ایک تقریر میں متنازع بیان دیا ہے جس پر اس کے خلاف مقدمات درج ہوتے رہے ہیں۔

خان نے مزید کہا کہ راجہ سنگھ صرف متنازع بیانات کے لئے ہی نہیں بلکہ لوٹ مار اور دیگر جرائم میں بھی ملوث رہا ہے اور ان تمام جرائم میں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں، اگر اس سے پہلے ہی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی تو شاید یہ نوبت نہیں آتی’۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا کوئی ایسا پولیس اسٹیشن نہیں ہے جہاں راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج نہ ہو۔ اس دوران انہوں نے تلنگانہ حکومت پر بھی سخت نکتہ چینی کی۔

خان نے کہا کہ اتنے مقدمات درج ہونے کے باوجود بھی اس کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی، کہیں نہ کہیں راجہ سنگھ کے تئیں نرم رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے وقت پولیس کا انتہائی نرم رویہ تھا اگر اس کی جگہ کوئی مسلم لیڈر یا کوئی مسلم شخص ہوتا تو اس کو گھسیٹ کر لے جایا جاتا۔

خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔