تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے خلاف شہرحیدرآباد میں کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانہ پر مسلمانوں کے شدید احتجاج اور غم وغصہ پر گستاخ رکن اسمبلی کو گرفتار کرلیاگیا اور اس کو جلد ہی کورٹ میں پیش کرکے جیل بھی بھیج دیا گیا۔ احتجاجی افراد نے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
گرفتاری کے وقت راجہ سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس کو کوئی خوف نہیں ہے۔اس گستاخانہ ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد دبیرپورہ پولیس نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ اس احتجاج پر پولیس نے کئی مظاہرین کو منگل کو گرفتار کرلیا۔ دفتر کمشنر پولیس حیدرآباد، ڈی جی پی دفتر،پراناشہر حیدرآباد میں قدیم کمشنر پولیس دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی اہم مقامات پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کردیا گیا کیونکہ کئی مقامات پر راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
چندرائن گٹہ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔ پولیس کے پکٹس کو شہر کے حساس مقامات اور پرانا شہر میں تعینات کیاگیا۔ پولیس کے سینئر عہدیداروں نے صبح میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کی مکمل پولیس مشنری کو چوکس کردیا۔
مجلس کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ دبیر پورہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی۔ احمد بلعلہ نے دبیرپورہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کے بعد برہم ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ راجہ سنگھ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
تلنگانہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں راجہ سنگھ کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے شکایات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس گستاخانہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مسلمانوں میں شدید برہمی کی لہر دیکھی گئی۔ راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مجلسی لیڈروں نے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت درج کرائی اور پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا۔