Amjadullah khan Khalid on Bilkis Banu Case
تلنگانہ قومی خبریں

امجد اللہ خان خالد کا بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی پر رد عمل

حیدرآباد: مجلس بچاو تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجرمین کی رہائی انتہائی افسوسناک بات ہے۔

امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ مجرمین کی رہائی سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ہوئی اور یہ رہائی سپریم کورٹ کی سراسر توہین ہے۔

خان نے مزید کہا کہ گجرات فسادات کے جتنے بھی مجرمین آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ تھے انہیں ایک ایک کرکے وقفے وقفے سے جیل سے رہا کرتے جارہے ہیں اور جن لوگوں کو کورٹ سے باضابطہ سزا ہوئی ہے انہیں معافی پالیسی کے تحت رہا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مودی حکومت کے بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو مہم پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ ریپ کرنے والے مجرمین کی رہائی سے بیٹی بچاو بیٹی پڑھاؤ مہم کو پورا کیا جارہا ہے؟۔
مودی حکومت ایک طرف تو بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاو کا نعرہ لگوارہی ہے تو دوسری طرف ریپ کرنے والے مجرمین کو رہا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی سے ثابت ہوگیا کہ بی جے پی نہ تو عورت کی عزت کرتی ہے اور نہ ہی بی جے پی کو ملک کی بیٹیوں سے کوئی لینا دینا ہے۔

واضح رہے کہ گجرات حکومت نے بلقیس بانو کیس کے 11 مجرمین کو جشن آزادی میں معافی کے تحت رہا کردیا ہے جو بلقیس بانو کے 14 ارکان خاندان بشمول 3 سالہ بیٹی کے قتل اور اجتماعی عصمت ریزی کے مجرمین ہیں۔ ان کی رہائی پر نہ صرف اپوزیشن رہنما بلکہ سماجی کارکنوں کی جانب سے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔