آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے زیر اہتمام ‘ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں کا کردار’ کے عنوان پر 12 اگست کی شام، بمقام سالار ملت گراؤنڈ، برنداون کالونی، ٹولی چوکی، شیخ پیٹ میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔
اور 13 اگست کی شام کو مجلس اتحاد المسلمین کے مرکزی دفتر دارالسلام میں ایک تاریخ ساز مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
بیرسٹر اسدالدین اویسی نےاپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے تاریخ کو توڑ مروڑ کر ملک کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ میں مسلمانوں نے جو قربانیاں دیں ہیں اس کو مٹانے اور چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ مسلمانوں نے جنگ آزادی میں بے شمار قربانیاں دیں ہیں جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
اویسی نے ان جلسوں میں عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔