ملک بھر میں صرف ایک ہفتے کے دوران مختلف مقامات پر ہجومی تشدد کے تین واقعات پیش آچکے ہیں۔
ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع نرمدا پورم کی سیونی مالوا تحصیل میں کچھ ہندو شدت پسندوں نے تین مسلم افراد کو بے دردی سے پیٹا، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ دو افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
متاثرہ افراد پر الزام ہے کہ یہ لوگ گائے کو ٹرک میں لاد کر تسکری کے لئے لے جارہے تھے۔ جس کی اطلاع ملنے پر مشتعل لوگوں نے ٹرک کو روک کر ٹرک میں سوار تین افراد کو بے دردی سے پیٹنا شروع کردیا اور تینوں افراد کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر وہاں سے بھاگ گئے۔ اس واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت مہاراشٹر کے امراوتی کے نذیر احمد، لالہ اشو اجمیری اور مشتاق کے طور پر کی گئی ہے۔
اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں بی جے پی کے رہنما بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ ڈی آئی جی، ایس پی، کلکٹر بھی موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کا جائزہ لیا۔ ایف ایس ایل کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
اس دوران ایس پی گورکرن سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ رات تقریباً 12:30 بجے کا ہے۔ ٹرک میں غیر قانونی طور پر گایوں کو لے جایا رہا تھا۔ واقعے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران ہجومی تشدد کے تین واقعات پیش آچکے ہیں۔