حیدرآباد: تلنگانہ میں حکومت نے اسکولز کی چھٹیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ عیدالاضحی اور بارش کے پیش نظر پہلے ہی تین دن کی تعطیلات دی گئی تھیں۔ اس میں مزید تین دن کی توسیع کردی گئی ہے۔ پیر سے بدھ تک تعطیلات کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اب ہفتہ تک تطیلات رہیں گی اور پیر سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔ اسسلسلے میں حکومت کی جانب سے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع بارش سے متاثرہ ہو چکے ہیں- بڑے تالاب، ناگرجنا ساگر، نظام آباد، عادل آباد، اور دیگر ڈیمز کی سطح آب میں زبردست اضافے کے بعد پانی چھوڑا گیا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، کریم نگر، پداپلی، جئے شنکربھوپال پلی، مُلگ، بھدرادری کوتہ گوڑم، محبوب آباد، ورنگل اربن، ورنگل رورل اور جنگاوں میں کئی مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے۔اسی دوران میدک اور کاماریڈی کے علاوہ یادادری بھونگیر میں بھی ایسی ہی صورتحال بنی رہے گی۔ خیال رہے کہ تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتے سے لگاتار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔