نئی دہلی: ادے پور اور امراوتی میں ہلاکتوں پر تنازعہ کے درمیان، وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے کہا کہ ہندوستان آئین سے چلے گا نہ کہ شریعت یا جہاد سے.
مختلف ہندو تنظیموں نے ہندوؤں کے خلاف مبینہ تشدد کے واقعات کے خلاف احتجاج کے طور پر متحدہ طور پر سنکلپ مارچ کا انعقاد کیا۔ احتجاجی ریلی سے بعد میں وی ایچ پی کے ورکنگ صدر آلوک کمار نے خطاب کیا۔
کمار نے کہا ’’ہندوؤں پر حملے درست نہیں ہیں۔ ہندو سماج آج قانون بچانے کے لیے باہر نکلا ہے۔ نہ کوئی ہندوؤں کو تقسیم کر سکتا ہے اور نہ کوئی انہیں ڈرا سکتا ہے۔ وی ایچ پی نے ملک بھر میں ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے، جس پر اگر کسی ہندو کو خطرہ ہے تو اسے بجرنگ دل کی طرف سے سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
وی ایچ پی نے ایک بیان میں کہا ’’ہندوستان آئین سے چلے گا نہ کہ شریعت سے۔ ہندوستان کے آئین کے مطابق ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔ ہندوستان کا آئین جہادی ذہنیت کے حامل کسی بھی شخص کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ آج اسی ذہنیت کی وجہ سے پورے ملک کو دہشت زدہ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں.
وی ایچ پی نے کہا کہ ہندو سماج اس ماحول کی مذمت کرتا ہے اور مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
احتجاجی مارچ منڈی ہاؤس سے شروع ہوا اور جنتر منتر پر ختم ہوا۔
معطل ترجمان نوپور شرما کی حمایت میں مبینہ طور پر مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں دو افراد کے ذریعہ ادے پور میں درزی کنہیا لال کے قتل کے واقعے کے خلاف ملک بھر میں غم و غصے کی لہر ہے مسلم رہنماؤں نے بھی اس قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ واقعہ 28 جون کو ادے پور کے مالداس علاقے میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ جرم کرنے کے فوراً بعد، دونوں ملزمان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں "قتل” کے بارے میں فخر کیا گیا۔
واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حملہ آوروں نے ویڈیو میں اپنی شناخت ریاض اختری اور غوث محمد کے نام سے کی۔ ویڈیو میں ریاض کو 47 سالہ کنہیا لال پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ دوسرے، غوث نے اپنے موبائل فون پر جرم ریکارڈ کر لیا۔
قابل ذکر ہے کہ کنہیا نے پولیس میں دھمکیاں ملنے کی شکایت بھی درج کرائی تھی۔ اس کیس کی جانچ فی الحال نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کر رہی ہے اور ملزمین مرکزی ایجنسی کی تحویل میں ہیں۔
این آئی اے کی چھ سے دس رکنی ٹیم ایک انسپکٹر جنرل اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل رینک کے افسر کی نگرانی میں معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔