مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین اور صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہ میر عالم اور دیگر عید گاہوں کا کا دورہ کیا اور عید الضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ پولیس، گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن، برقی، واٹر ورکس، ہیلت اینڈ سینٹیشن کے علاوہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہ میرعالم کا تفصیلی معائنہ کیا۔
صدر نشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے فرش کی درستگی اور عیدگاہ کی آہک پاشی کے کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ بارش کے پیش نظر شامیانوں کا انتظام کیا جارہا ہے اور لاؤڈ اسپیکر کی سہولت عیدگاہ کے اطراف و اکناف کے علاقوں تک رہے گی تاکہ دور تک بننے والی صفوں کے مصلیوں کو سہولت ہو۔
رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے کہا کہ گولکنڈہ عید گاہ اور دیگر بڑی مساجد کا دورہ کیا گیا جہاں پر متعدد انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عیدگاہ اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے۔ اس سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔
کوثر محی الدین نے عید گاہ آنے والے مصلیوں کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور وضو کیلئے پانی کا انتظام کرنے کیلئے واٹر ورکس کو ذمہ داری دی ہے۔ وقف بورڈ کے چیرمین نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ستیہ نارائنا اور ان کے ماتحت عہدیداروں سے خواہش کی کہ عید گاہ کے راستہ پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ عیدگاہ کے راستہ پر پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کوثر محی الدین نے بتایا کہ میر عالم عید گاہ میں نماز عید صبح ساڑھے نو بجے ہوگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطبہ عیدالضحی دیں گے اور امامت کریں گے۔