وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ گاندربل میں بھی عید قربان کے سلسلے میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ عید الاضحی کے لئے اب کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں، اس موقع پر ہر ایک مسلمان کی یہ کوشش رہتی ہے کہ قربانی کے جانور کو خرید کر اللہ کی راہ میں قربانی ادا کی جائے۔
اس سلسلے میں گاندربل میں بھی جگہ جگہ پر قربانی کےلئے جانوروں کی خرید و فروخت دیکھی جارہی ہے۔حالانکہ دیکھا جائے تو سرکار نے ان مختلف اقسام کے جانوروں کی خریداری کےلئے پہلے ہی ریٹ طے کیا ہے ۔جس کے لئے باضابطہ طور پر حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
اس حکم نامے کے مطابق ڈائریکٹر فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئر ڈیپارٹمنٹ نے وادی میں قربانی کے مویشیوں کے نرخوں پر نظرثانی اور از سر نو تعین کر دیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ بھیڑوں کی دہلی والا اور میرینو کراس اقسام کے نرخ 310 روپے فی کلو، بکروال اور کشمیری اقسام کے 295 روپے فی کلو اور بکرے کے لیے 285 روپے فی کلوگرام مقرر کیے گئے ہیں۔
لیکن اس سلسلے میں گاندربل میں قربانی کے جانوروں کے کئی خریدار سرکار سے یہ کہہ کر خفا ہیں کہ اگرچہ سرکار نے ریٹ طے کیے ہیں۔تاہم سرکار خاص کر متعلقہ محکمہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ٹیم کو ان عارضی منڈیوں میں رکھیں تاکہ یہ پتہ کیا جاسکے کہ کوئی شخص قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر غلط تو نہیں کر رہا ہے۔
جبکہ محکمہ شیپ ہسبنڈری کے افسران کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹروں کی ٹیم کو اس بات کے لئے تعینات کریں کہ کہیں قربانی کے اس جانور میں کسی طرح کی بیماری تو نہیں ہے ۔جس کےلئے قربانی کے جانور فروخت کرنے والے لوگوں کو ڈاکٹروں سے ایک سرٹیفکیٹ حاصل کرنی چاہیے۔
کئی خریداری کرنے والے افراد نے کہا ہے کہ بے شک سرکاری سطح پر حکم نامے جاری کر دیئے جاتے ہیں، لیکن اس کو پھر زمینی سطح پر بھی عملانے کی ضرورت ہونی چاہئے۔۔۔