مملکت سعودی عرب نے رواں سال حج سیزن کے دوران عازمین کے کیمپوں میں کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا اطلاق ذوالحجہ کی پہلی تاریخ کی صبح سے ہوگا۔
سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ حج سیزن کے دوران مقدس مقامات پر ایل پی جی کے داخلے اور استعمال پر پابندی کا فیصلہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر نافذ کیا جائے گا۔
حجاج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے گیس سلنڈروں پر پابندی عائد کی گئی ہے جس میں تقریباً دو سالوں میں پہلی بار بیرون ملک حجاج شامل ہوں گے۔
منیٰ، مزدلفہ اور عرفہ میں حکام تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے دورے کریں گے۔ گیس کے چولہے ضبط کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سعودی عرب نے اعلان کیا کہ وہ اس سال مملکت کے اندر اور باہر سے 10 لاکھ عازمین کو حج کی اجازت دے گا۔
حج اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے، جو ہر صاحب استطاعت مسلمان کے لیے زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ 2020 اور 2021 حج کے لیے اور "COVID-19” وبائی مرض کے پیش نظر حج کو انتہائی محدود کردیا گیا تھا۔
حج 2022 باضابطہ طور پر 8 ذوالحجہ کو شروع ہوتا ہے اور اسی اسلامی مہینے کی 13 تاریخ کو ختم ہوتا ہے۔ اس سال یہ 7 سے 12 جولائی کے درمیان آتا ہے۔