MBT welcomes Govt decision to link Aadhar Card with EPIC.
متفرق مضامین

ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے لنک کرنے کا خیر مقدم

حیدرآباد: مجلس بچاو تحریک کے صدر امجد اللہ خان خالد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ تقریبا پچھلے 25 سالوں سے ملتوی تھا۔

انہوں نےکہا کہ مجلس بچاو تحریک بوگس ووٹرز کے خلاف پچھلے 25 سالوں سے تحریک چلارہی ہے اور ان بوگس ووٹرز کو ختم کرنے کا مطالبہ کررہی تھی، حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں لاکھوں بوگس ووٹرز ہیں اور مجلس بچاو تحریک کی انتخابات میں ناکامی کی سب سے بڑی وجہ بوگس ووٹرز ہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانے شہر میں ایک ہی شخص کے پاس چار چار ووٹر آئی ڈی کارڈ ہیں ایک فیملی میں ایک شخص نہیں بلکہ پوری فیملی کے پاس چار چار ووٹر آئی ڈی کارڈز ہیں جو الیکشن میں کسی بھی پارٹی کی ناکامی کا سب سے بڑی وجہ بنتی ہے۔

امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ ہم نے اس کے خلاف تمام ثبوتوں کے ساتھ الیکشن کمیشن سے شکایت کی تاہم اس معاملے میں سنوائی نہ ہونے پر ہم ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

اس ضمن میں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر ووٹر لسٹ کو آدھار کارڈ سے جوڑا جاتا ہے تو شہر حیدرآباد میں تقریباً 15 لاکھ ووٹس فہرست رائے دہندگان سے خارج ہوسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گزشتہ سال 5 لاکھ رائے دہندوں کے ایک سے زائد نام فہرست رائے دہندگان میں شمار ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ سنٹرل الیکشن کمیشن نے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک جامع ووٹر لسٹ مرتب کرنے کی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کے اندراج کے علاوہ ایک سے زائد رہنے والے نام اور بوگس ناموں کے اخراج کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

اس نوٹیفیکیشن کے بعد ملک بھر میں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا عمل شروع ہورہا ہے ۔ اگر ریاست تلنگانہ میں یہ عمل شروع ہوتا ہے تو حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان سے 15 لاکھ ووٹوں کا اخراج یقینی ہے ۔ رائے دہندوں کیلئے ان کے ووٹوں کو آدھار سے مربوط کرنا لازمی ہے ۔ اس کے لئے فارم 6B کی خانہ پوری کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ آدھار نہ رکھنے والے پاسپورٹ نمبر ، ڈرائیونگ لائیسنس نمبر یا پیان کارڈ نمبرات سے لنک کریں ۔ ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کا اندراج کرانے والوں کو آدھار کارڈ نمبر لازمی ہے ۔ وہ لوگ جو پہلے سے ووٹر لسٹ میں شامل ہیں انہیں اپنے آدھار نمبر سے مربوط کرانا ضروری ہے۔