حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے قومی سلامتی مشیر اجیت دوبھال کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج ایک معزز، باوقار پیشہ ہے اور اجیت دوبھال نے اپنے بیان میں کہا کہ اگنی ویر باضابطہ طور پر فوج کا حصہ نہیں ہوں گے، اور وہ پوری طرح آرمی نہیں کہلائیں گے۔
اویسی نے کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر خود تسلیم کررہے ہیں کہ اگنی ویر باضابطہ فوج کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اویسی نے کہا کہ یہ اگنی ویروں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔
اویسی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ڈیفنس سرویسس ریکروٹمنٹ اسکیم ”اگنی پتھ“ کو فوری واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ملک کے نوجوانوں کی بات سنیں۔ فوج میں کنٹراکٹ کی اساس پر بھرتی کی اس اسکیم کو فوری واپس لیں اور ملک کی فوج میں عددی طاقت اور آلات کی کمی کو فوری اثر کے ساتھ دور کریں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ کیا وزیر اعظم مودی اس طرح ملک کی سلامتی سے کھیلنا چاہتے ہیں؟۔ اس دوران اسد الدین اویسی نے چین کی جانب سے لگاتار دراندازی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ چین ہمارے علاقوں میں گھستا ہی جارہا ہے جس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
اویسی نے کہا کہ فوج میں سابق کی طرح تقررات عمل میں لائی جائیں اور فوجیوں کی تعداد کو بڑھا کر ہندوستانی آرمی کو ہر طرح سے مضبوط بنایا جائے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے لانچ کی گئی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہے۔ کئی مقامات بالخصوص بہار میں بھاری تعداد میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔