ملک میں دن بہ دن نفرت پر مبنی ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جس سے عوام میں پھوٹ پیدا کی جاسکے اور ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کیا جائے۔ اور مسلمانوں کے خلاف جرائم میں کمی کے بجائے ان میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔
ٹائمز ناؤ چینل پر بی جے پی ترجمان نپور شرما کی جانب سے شانِ رسالت ماب صلی اللہ علیہ و سلم و ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی شان میں گستاخی کے خلاف مختلف مقامات پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان کی اس شرمناک حرکت کی سوشل میڈیا پر سخت مذمت کی جارہی ہے۔
حیدرآباد میں اس واقعہ کے خلاف مجلس کے جنرل سکریٹری و رکن اسمبلی یاقوت پورہ سید احمد پاشاہ قادری نے علماء ومشائخین عظام کے ہمراہ سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند سے شکایت کی۔
مجلسی جنرل سکریٹری نے شرپسند خاتون کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دن بہ دن نفرت پر مبنی ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جس سے عوام میں پھوٹ پیدا کی جاسکے اور حیدرآباد میں پرامن فضاء کو خراب کیا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے ٹی وی چینلس اور نفرت انگیز بیانات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وہیں دوسری جانب رضا اکیڈمی کی شکایت کے بعد ممبئی کے پائدھونی پولیس اسٹیشن میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گستاخانہ تبصرے پر بی جے پی کی قومی ترجمان نُپور شرما کے خلاف آئی پی سی کی دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انڈین امریکن مسلم کونسل کی مذمت
انڈین امریکن مسلم کونسل (IAMC) نے بھی نپور شرما کی جانب سے شان رسالت ماب صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی’ صریح نفرت انگیز اور توہین آمیز تبصروں کی سخت مذمت کی۔ انڈین امریکن مسلم کونسل امریکہ میں ہندوستانی مسلمانوں کی سب سے بڑی وکالت کرنے والی تنظیم ہے۔