فلسطینی وزارت صحت اور مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں چھاپہ ماری کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
وزارت نے کہا کہ "جینین پر اسرائیلی گولیوں سے ایک 17 سالہ لڑکا ہلاک اور ایک 18 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا”۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ امجد الفائد کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد ایک 18 سالہ فلسطینی شخص کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جنین کے پناہ گزین کیمپ کے باہر تصادم اس وقت شروع ہوا جب اسرائیلی فورسز نے علاقے پر دھاوا بول دیا، اور الفائد کو جسم کے اوپری حصے میں تقریبا ایک درجن گولیاں لگیں۔ وہیں اسرائیلی فوج نے کہا کہ فلسطینی مشتبہ افراد نے اس کے فوجیوں پر فائرنگ کی اور ان پر بم پھینکے۔ فوجیوں نے مشتبہ افراد کی طرف براہ راست فائرنگ کا جواب دیا۔ لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ہلاک ہونے والا نوجوان ان مشتبہ افراد میں سے ایک تھا یا نہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین میں پچھلے کچھ ہفتوں سے اسرائیلی فورسز اور فلسطینی افراد کے درمیان جھڑٖپ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن میں متعدد فلسطینی افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 11 مئی کو الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کی ایک تجربہ کار فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ کو جنین میں اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید کر دیا گیا۔ جس کی دنیا بھر میں سخت نکتہ چینی کی گئی ہے۔