گاندربل میں خستہ حال سڑکوں سے مقامی لوگ پریشان
جموں و کشمیر

گاندربل میں خستہ حال سڑکوں سے مقامی لوگ پریشان

جموں و کشمیر میں آج بھی کئی ایسے علاقے ہیں جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ ضلع گاندربل کے کنگن نیلا نجون میں لنک روڈ گذشتہ سات سالوں سے تعمیرات عامہ کی عدم توجہی کے باعث خستہ حال ہے جس کے سبب مقامی افراد کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

یہ علاقہ رقبہ اور آبادی کے لحاظ سے کافی بڑا مانا جاتا ہے۔ تاہم سڑک کی حا لت بہتر نہ ہونے سے نہ صرف مزدوروں کو آنے جانے بلکہ دفاتر کا رخ کرنے والے ملازمین اور اسکولی طلبا کو بھی آنے جانے میں پریشانی ہوتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس سڑک پر کچھ سال قبل کام شروع کیا گیا تھا مگر ابھی تک کام پورا نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس بارے میں جب مقامی لوگوں سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ اس سڑک کی حالت خستہ ہے۔ گذشتہ سات سالوں سے اس سڑک کی حالت ایسی ہی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کا چکر کاٹ کر کے ہم بہت تھک چکے ہیں اس بارے میں اگر ہمیں پہلے سے پتہ ہوتا کہ کام کرنے سے اس سڑک کی حالت اتنی خراب ہوگی تو ہم یہ کام نہیں کرنے دیتے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ برف باری کے دوران ہمیں کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے لفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ ہمارے گاؤں کی طرف بھی توجہ دی جائے ۔

اس بارے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹیو انجینئر نے بتایا کہ مجھے کچھ دن پہلے ہی یہاں پر ٹرانسفر کیا گیا ہے اور میں اس معاملے کو جلدی حل کرنے کی کوشش کروں گا۔۔