نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کا یہ بیان کہ کیرالا انتہاپسندی کی افزائش گاہ ہے، پورے کیرالا کے لوگوں کی بے عزتی کرنے والا ہے۔
عبدالمجید فیضی نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کیرالا کے عوام نے ہمیشہ بی جے پی کو اپنی انتخابی پسند سے دور رکھا ہے۔ ان کا ایسا بیان جس سے کیرالا کے بارے ان کی گھبراہٹ ظاہر ہوتی ہے، وہ اس لئے کہ فاشسٹوں کو کیرلا میں اپنا تسلط قائم کرنے میں مسلسل ناکامی ہوئی ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید فیضی نے کہا ہے کہ کیرلا کے سیکولر جمہوری سماج کو بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے بیان کے خلاف آگے آنا چاہئے جو کیرلا کے لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو بی جے پی کے پولرائزیشن کے ایجنڈے کو مسترد کرتے آئے ہیں اور جو آر ایس ایس کی فسادی کوششوں کی مزاحمت کرتے آئے ہیں۔
مذہبی رہنماؤں کو کیرلا جیسی ریاست میں مذاہبوں کے درمیان عدم اعتماد کو پروان چڑھانے کے ذریعے سیاسی فائدے حاصل کرنے کی کوششوں کی طرف چوکنا رویہ اختیار کرنا ہوگا۔
بی جے پی جو لوگوں کو تقسیم کرکے اور مذہبی منافرت پیدا کرکے فسطائی ہنگامے کی قیادت کرتی ہے وہ ملک میں انتشار اور بے چینی کو جنم دے رہی ہے۔ نئی نسل کو اس ایجنڈے کے خلاف نہ صرف کیرلا میں بلکہ پور ے ملک میں جمہوری مزاحمت کو تشکیل دینا چاہئے۔
ایک طرف فاشسٹ غیر معقول معاشی پالیسیوں کے ذریعے ملک کی معاشی بنیادوں کو تباہ کرکے عوام کو شدید بے روزگاری اور غربت کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اور دوسری طرف جھڑپیں، تشدد، ماب لنچنگ اور عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
ملک کو فاشسٹ راج سے تباہی کا سامنا ہے اس سے ملک کوبچانے کی صلاحیت رکھنے والی جمہوری تحریکیں مضبوط ہورہی ہیں۔ عبدالمجید فیضی نے کہا سنگھ پریوار نے اس حقیقت کو بھانپ لیا ہے اور بی جے پی لیڈروں کے بیانات ان تحریکوں سے ان کے خوف کا نتیجہ ہے۔