قومی خبریں

‘ملک کے موجودہ حالات کو بدلنے کے لئے ہم خیال سیاسی پارٹیوں کا متحد ہونا ضروری’

نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی جانب سے نظام الدین کمیونٹی سینٹر میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد نے دعوت افطار میں شریک مہمانوں کا استقبال کیا۔

ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو حالات ہیں اس کو بدلنے کیلئے تمام ہم خیال سیاسی پارٹیوں، سماجی تنظیموں کو متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ملک بھر میں مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں پر حملہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں اشتعال انگیز تقاریر کرکے ملک کا ماحول خراب کیا جارہا ہے۔ جس سے بین الاقوامی سطح پر ہمارے ملک کی بدنامی ہورہی ہے۔

دھرم سنسد کے ذریعے مسلمانوں کے قتل عام کا کال دینے والوں اور دیگر مذہبی جلوسوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور نعرے لگانے والوں پر حکومت کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔

مسلمانوں پر حملہ کرنے والوں پر کارروائی کرنے کے بجائے الٹا مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ جس سے ان کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔ کسی کو مارنے کے دوران جئے شری رام کا نعرہ، مسلم خواتین کی عصمت دری کرنے کے کال کے دوران جئے شری رام کا نعرہ لگاکر یہ لوگ بھگوان رام کو بدنام کررہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان تمام کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔

ایس ڈی پی آئی کے اس دعوت افطار میں سابق وزیر منی شنکر ائیر، سابق چیف انفارمیشن کمشنر آف انڈیا، وجاہت اللہ حبیب، ساؤتھ ایشین ہیومن رائٹس کے بانی ڈائرکٹر روی نائر، ایل جے پی سینئر نائب صدر اے کے باجپائی، سپریم کورٹ اڈوکیٹ محمود پراچہ، سابق ڈی جی چھتیس گڑھ،و زیر انصاری، سہارا گروپ ایڈیٹر عبدالمجید نظامی، چیف جسٹس سعید صدیقی، سابق انکم ٹیکس افسر، ابرار احمد، ڈاکٹر ناہید شیخ، سابق وزیر ڈاکٹر مسعود احمد، راج پال شرما سابق وی سی انگو، پروفیسر بشیر احمد، سی پی آئی، امیر زیدی، سینئر صحافی دانش قریشی سمیت ملک بھر سے معروف شخصیات نے شرکت کی۔