مسلم دنیا

مصر: سجدہ کی حالت میں انتقال

مصری میڈیا کے مطابق ایک مصری شخص الغربیہ گورنری میں طنطہ کے گاؤں شوبیر کی ایک مسجد میں سجدہ کی حالت میں فوت ہوگیا۔

یہ شخص السلام مسجد میں عشاء کی نماز ادا کر رہا تھا کہ اس کے ارد گرد موجود نمازیوں نے دیکھا کہ وہ سجدہ سے نہیں اٹھا تھا اور نماز ختم ہونے کے بعد بھی چند منٹوں تک کوئی حرکت نہیں ہوئی۔

سلام پھیرنے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد نمازیوں نے اس شخص کو دیکھا اور اسے اٹھانے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس کے بعد اس شخص کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

گاؤں والوں نے بتایا کہ مرنے والا پورے محلے میں اپنے اچھے اخلاق اور دیانتداری کے لیے جانا جاتا تھا اور وہ پابندی سے مسجد میں نماز پڑھا کرتا تھا۔

سوشل میڈیا پر اس شخص کے لئے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، اور عوام ان کی موت کو ایک اچھا انجام قرار دیتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں داخل ہونے کے لئے دعائیں کررہے ہیں۔