ریاست مدھیہ پردیش نرمداپورم کے بابائی تھانہ علاقے میں درگاہ کو بھگوا رنگ میں رنگ کر علاقے کی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ سے مشتعل ہو کر لوگوں نے ہنگامہ کیا جب کہ انتظامیہ نے معاملے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ سماج دشمن عناصر نے نرمداپورم میں سیمری ہرچند روڈ پر واقع درگاہ کو بھگوا رنگ سے پینٹ کرکے علاقے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہنگامہ میں ایک شخص زخمی ہوا، کچھ جگہوں پر توڑ پھوڑ کی گئی اور افراتفری جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں کو سمجھایا اور مزید کارروائی شروع کر دی۔ اس واقعہ کے بعد بابائی میں کچھ دیر کے لیے حالات کشیدہ ہو گئے۔
بابائے علاقے کے تحصیلدار بتایا کہ ’’دیر رات کسی نامعلوم شخص نے درگاہ کو بھگوا رنگ میں رنگ دیا تھا۔ اس واقعہ سے ناراض لوگوں نے گاڑیوں کو روک دیا تھا۔ لیکن اب حالات معمول پر آچکے ہیں۔ انہیں وضاحت دے دی گئی ہے جلد ہی تفتیش کے بعد نامعلوم شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اور قصوروار شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔