قومی خبریں

کرناٹک حجاب تنازع: امتناعی احکامات میں توسیع

بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے شہر کے اسکولوں اور کالجوں میں 22 مارچ تک امتناعی احکامات جاری کیے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بنگلورو شہر میں اسکولوں، پی یو کالجز، ڈگری کالجز یا اسی طرح کے دیگر تعلیمی اداروں کے 200 میٹر کے اندر کسی بھی قسم کے اجتماع، تحریک یا احتجاج پر پابندی کو مزید دو ہفتوں کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔

امتناعی احکامات اس لئے نافذ کئے گئے ہیں کہ ریاست کے بعض حصوں میں، اسکولوں اور کالجوں میں یکساں قانون نافذ کرنے کے سلسلے میں گزشتہ چند ہفتوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ کئی مقامات پر احتجاج نے عوامی امن کو درہم برہم کیا ہے اور حکم کے مطابق، بنگلورو شہر میں عوامی امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات شروع کرنا بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔

پولیس کمشنر نے کہا کہ حجاب پر پابندی کا مسئلہ ابھی بھی برقرار ہے اور اس معاملے کے خلاف احتجاج کرنے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا اور اسی لیے یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔

دکشینہ کنڑ، اڈوپی، اور شیواموگا اضلاع کے کالجوں میں حجاب کا تنازعہ سامنے آیا ہے۔ طالبات نے حجاب پہن کر امتحانات میں شرکت سے روکنے کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اُڈپی کے گورنمنٹ گرلز پری یونیورسٹی کالج میں چھ لڑکیوں کی طرف سے ایک چھوٹے سے احتجاج کے طور پر شروع ہونے والا حجاب کا تنازع ریاست میں ایک بڑا بحران بن گیا ہے۔

دو ہفتوں سے زائد روزانہ کی بنیاد پر ہائی کورٹ نے دلائل کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔