کمسن مسلم بچی کا نقاب جبرا اتارا گیا
مسلم دنیا

امریکہ: کمسن مسلم بچی کا نقاب جبرا اتارا گیا

یوروپ سمیت مغربی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز واقعات پیش آتے رہتے ہیں بالخصوص مسلم خواتین کے حجاب پہننے پر انہیں ہراساں کرنے اور حجاب اتروانے کے واقعات اکثر و بیشتر رونما ہوتے ہیں۔

نیویارک: امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں 7 برس کی مسلم بچی کا نقاب اسکول ٹیچر نے زبردستی اتار دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق میپل ووڈ سے تعلق رکھنے والی 7 برس کی سمیہ دوسری جماعت کی طالبہ ہے اور ہر روز اسکارف پہن کر اسکول جاتی تھی۔

ٹیچر نے کلاس میں حجاب اتارنے کو کہا، بچی کے انکار کرنے پر ٹیچر نے زبردستی اس کا اسکارف کھینچ کر اتار دیا۔سمیہ کی والدہ نے کہا ہے کہ بیٹی کو ایک ایسی دنیا سے متعارف کروانا پڑے گا جس سے اسے بچاتی رہی ہوں۔

کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹیچر نے کمسن مسلم بچی پر حملہ کیا اور اسے ہراساں کیا۔ یاد رہے کہ امریکہ کی پہلی باحجاب اولمپک میڈلسٹ ابتہاج محمد کا تعلق بھی میپل ووڈ سے ہے، فینسر ابتہاج محمد نے 2016 کے اولمپکس سمر گیمز میں حجاب پہن کر شرکت کی تھی۔

ابتہاج محمد کا کہنا ہے کہ اسکول بلاتفریق تمام بچوں کیلئے محفوظ مقام ہونا چاہیے جہاں ان کا خیر مقدم کیا جائے، انہوں نے بچی کا حجاب اتارنے پر سیتھ بوائڈن ایلیمنٹری اسکول ٹیچر کو نوکری سے فوری نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ یوروپ سمیت مغربی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز واقعات پیش آتے رہتے ہیں بالخصوص مسلم خواتین کے حجاب پہننے پر انہیں ہراساں کرنے اور حجاب اتروانے کے واقعات اکثر و بیشتر رونما ہوتے ہیں۔