آج پورے ملک کے مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کر رہے ہیں۔ کورونا کے پیش نظر ملک کے مختلف مقامات پر مسلمانوں نے احتیاط کے ساتھ نماز دوگانہ ادا کی اور رضائے الٰہی کے لیے قربانی پیش کر رہے ہیں۔
ملک بھر میں مسلمان عید قرباں منا رہے ہیں۔ ملک کے گوشے گوشے میں مسلمان نماز دوگانہ ادا کرنے ساتھ ساتھ بارگاہ الٰہی میں قربانی پیش کر رہے ہیں۔
حالانکہ کورونا وائرس کی وجہ سے سبھی مقامات پر اجتماعات پر پابندی ہے۔ اس کی وجہ سے لوگوں نے نماز عید محدود پیمانے پر ادا کی ہے۔ اس موقع پر مسلمانان ہند ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی، سماجی خیر سگالی اور بھائی چارے کی دعائیں کر رہے ہیں۔
مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر، قومی دارالحکومت دہلی، جنوبی ہند کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد، اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو سمیت ملک کے متعدد شہروں میں مسلمان کورونا کے مضر اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل آوری کرتے ہوے پورے تزک و احتشام کے ساتھ عیدالاضحی منا رہے ہیں۔
ایثار و قربانی کی علامت مانے جانے والے اس تہوار کے موقع پر ملک کے سرکردہ علمائے دین نے مسلمانوں کو کورونا وبا اور حالات کے پیش نظر سنت ابراہیمی پر احتیاط کے ساتھ عمل کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ کہیں بھی کسی کو حالات بگاڑنے کا موقع نہ مل سکے۔
عید قرباں کے موقع پر صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ، وزیراعظم اور دیگر سینئر رہنماؤں اور سرکردہ علمائے دین نے عید الاضحیٰ کی مبارک باد اور ملک و ملت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔