عازمینِ حج آج بروز ہفتہ 17 جولائی سے مناسکِ حج کی ادائیگی کا آغاز کریں گے ، حج کا سب سے اہم رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ پیر 19 جولائی کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، عازمینِ مکہ پہنچ چکے ہیں، مشائرِ مقدسہ میں کورونا کے باعث سینیٹائزیشن کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
مناسکِ حج کی ادائیگی کا آج سے آغاز ہوجائے گا، پیر کو وقوفِ عرفہ ہے اور مسجدِ نمرہ میں خطبۂ حج دیا جائے گا۔ مسجدِ الحرام میں نماز کے اجازت نامے جمعہ سے ہی بند کردیئے گئے ہیں، صرف حج کے اجازت نامے رکھنے والوں کو ہی حرم میں داخلے کی اجازت ہے۔
سعودی عرب نے امسال فریضۂ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے خصوصی طور پر حج اسمارٹ کارڈ (شعائر) کا اجراء کیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج بیٹ اللہ کو محدود کیا گیا، مملکت میں مقیم ساٹھ ہزار عازمین ہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے،
اس دوران مسجدِ الحرام سے میدانِ عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عازمین کو مخصوص بسوں کے ذریعے ہی جانا ہوگا۔
یاد رہے کہ رواں سال میدانِ عرفات سے حج کا خطبہ شیخ عبداللہ المنیع دیں گے جب کہ خطبہ حج کو اردو سمیت دس زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔