فلسطین کی صحت خدمات بہتر بنانے اور اسرائیل فلسطین جنگ میں زخمیوں کے لئے متحدہ عرب امارات نے ایمیبولینس کی ایک کھیپ بھیجی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے ضروری ہنگامی حفاظتی سامان اور آلات سے لیس 20 ایمبولینسیں بھیجی ہیں۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ امدادی ایمبولینسیں امارات ہلال احمر(ای آر سی) کے زیرانتظام بھیجی گئی ہیں۔اس کا مقصد غزہ میں شعبہ صحت کی معاونت اور فلسطین کے انسانی حالات کو بہتر بنانا ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے کوشاں رہا ہے اورحالیہ جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کو وہ زیادہ سے زیادہ انسانی امداد بہم پہنچانا چاہتا ہے تاکہ ان کی ہنگامی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔بالخصوص خواتین اور بچوں کو ان کٹھن حالات میں بہتر زندگی گزارنے میں مدد دی جاسکے۔
امارات ہلال احمر نے جون کے اوائل میں غزہ کی پٹی میں ضروری ادویہ اور خوراک سمیت 960 ٹن امدادی سامان بھیجا تھا۔غزہ میں حالیہ جنگ سے متاثرہ 20 ہزار فلسطینی خاندانوں کے لیے یہ امدادی سامان ای آر سی کے فلسطینی عوام کے لیے انسانی اور ریلیف پروگراموں کے حصے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔
غزہ میں گذشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گیارہ روزہ جنگ کے بعد سے ہزاروں فلسطینی خاندان مشکلات سے دوچار ہیں۔انھیں خوراک، ضروری ادویہ، کپڑوں اور بنیادی تعمیراتی سامان کی اشد ضرورت ہے۔
جنوری میں بھی یو اے ای نے 90 لاکھ درہم مالیت کا 808 ٹن امدادی سامان بھیجا تھا۔یہ تمام سامان 10 ہزار خاندانوں کی فوری مدد کے لیے کافی تھا۔اس امداد کا مقصد فلسطینیوں کی حالتِ زارکو بہتر بنانا تھا۔