فلسطین اسرائیل تنازع ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے اب بین الاقوامی برادری کو اپنا کردار نبھانے کی ضرورت ہے۔
فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے آل پارٹیز پارلیمانی کشمیر گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہمز نے کہا ہے کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے مانچسٹر میں نمائندہ ’اے آر وائی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہیں، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سب ممالک پر عالمی پابندیاں لگنی چاہئیں۔
ڈیبی ابراہم نے کہا ہے کہ ایسے ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت کے لئے بھی خصوصی معیار قائم کیے جانے چاہئیں اور اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے کر اُس پر بھی پابندیاں لگنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ فلسطین ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے اب بین الاقوامی برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، پرامن حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں جن کے لیے پارلیمانی گروپ ہر طرح سے کوششیں کر رہا ہے۔
( بشکریہ ای ٹی وی بھارت )