کنیڈا: مسلم طبقہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی
جموں و کشمیر

کینیڈا: مسلم طبقہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو میں ایک ٹرک ڈرائیور نے مسلمانوں سے دشمنی کے تئیں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو میں مسلم مخالف حملے میں ہلاک ہونے والے افراد خاندان اور مسلم طبقہ سے اظہار یکجہتی کے لئے سینکڑوں افراد نے ایک ریلی نکالی۔ اس دوران اسلامو فوبیا کے تحت ہونے والے واقعات کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

ایک ٹرک ڈرائیور نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو ہلاک کردیا تھا جن میں 46 سالہ سلمان افضال ، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ سلمان ، ان کی 15 سالہ بیٹی یمنی سلمان اور 74 سالہ ماں طلعت افضال شامل ہیں۔

یہ تمام اونٹاریو صوبہ کے شہر لندن میں شام کے وقت چہل قدمی کررہے تھے جب ایک پک اپ ٹرک انہیں کچل دیا۔ اس حادثہ میں واحد زندہ بچ جانے والا ایک 9 سال کا بچہ فیض ہے جو شدید زخمی ہے امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منصوبہ بند تھا جو مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ مشتبہ شخص ایک 20 سالہ نتھانیل ویلٹ مین ہے جسے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا گیا اور اس پر پہلے درجہ کے قتل کا مقدمہ اور ایک اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ویلٹ مین کا کہنا ہے کہ وہ ایک وکیل کی خدمات حاصل کرنے والا ہے اور اس کے لیے جلد ہی ایک عرضی دائر کرے گا۔جمعہ کے روز اس حملہ میں ہلاک ہونے والوں اور مسلم برادری کے لیے سینکڑوں افراد نے ایک ریلی نکالی اور مسلمان طبقہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔