دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب جہاں زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہی حج جیسا ایک عظیم اور مقدس فریضہ بھی اس سے متاثر ہوا۔ چنانچہ 2020 میں حج بیت اللہ کو محدود کردیا گیا تھا اور اس سال بھی یہی کچھ صورت حال پیش آنے کا امکان ہے۔
کورونا وبا کے سبب امسال بھی حج تعطل کا شکار ہو کررہ گیا ہے اب تک سعودی عربیہ حکومت نے حج سے متعلق تمام ممالک کیلئے کوئی گائیڈ لائن جاری نہیں کی ہے، فی الحال حج کمیٹی آف انڈیا حج کی تیاریاں مکمل کر لینے کا دعوی کر رہی ہے۔
مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج 2021 ء آپریشن سے متعلق حج ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ واضح کیا ہے کہ حج سے متعلق آج ایک نظرثانی جائزہ اجلاس ہوا ہے جس میں سعودی عربیہ کے قونصلیٹ اوصاف سعید، سی جی آئی جدہ شاہ عالم، دلی سے جوائنٹ سکریٹری نگار فاطمہ، سی ای او حج کمیٹی آف انڈیا مقصود خان سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے۔
آن لائن میٹنگ میں حج 2021 ء کے آپریشن پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا اس کے ساتھ ہی ریاستی حج کمیٹیوں کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں اس کے ساتھ ہی سعودی عربیہ کی حج گائیڈ لائن سے متعلق ہی امسال حج ہوگا اس کیلئے وزارت صحت سعودی عربیہ نے گائیڈ لائن جاری کی تھی لیکن اب تک اس پر مزید کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے سعودی عربیہ سرکار کا جو بھی فیصلہ حج سے متعلق ہوگا وہ قابل قبول ہوگا۔
حالات اور کورونا وبا کے دوران ہندوستانی سرکار سعودی عربیہ کے ساتھ ہیں صحت و سلامتی کے ساتھ امسال حج 2021 ء ہوگا اس میں انسانیت کی فلاح کو ترجیحی بنیادوں میں شامل کیا جائے گا، سعودی عربیہ حج سے متعلق جو بھی فیصلہ کریگی اس کے مناسبت سے ہی حج کے ارکان کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا تیاریاں کرے گی۔
انہوں نے دعوی کیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہے اگر سعودی عربیہ نے اجازت دی تو عازمین کی روانگی عمل میں لائی جائے گی۔
مختار عباس نقوی نے حج کمیٹی آف انڈیا کی تیاریوں کے بارے میں سوال پر کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہے جیسے ہی سعودی کی جانب سے گائیڈ لائن جاری ہوتی ہے ہم حج بیت اللہ کا آپریشن شروع کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا و با کی وجہ سے دوسرے سال حج کے معاملے میں کئی ممالک نے حج سفر ملتوی بھی کر دیا ہے لیکن ہندوستان کا کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہے ہم نے سارا فیصلہ سعودی پر چھوڑ دیا ہے۔
مختار عباس نقوی نے ویکسین کی دونوں خوراک کے لازمی ہونے کے سوال پر کہا کہ ابھی تک حج سے متعلق کوئی واضح گائیڈ لائن نہیں ملی ہے جیسی گائیڈ لائن موصول ہوگی اسی مناسبت سے حج پر روانگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔