فلسطین کے علاقے شیخ جرح سے دو فلسطینی کو بے دخل کرنے کے احکامات کے خلاف مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی۔
فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے مابین ایک مختصر وقفے کے بعد مشرقی یروشلم میں تنازعہ پھر شروع ہوا۔
فلسطینی کارکنان نے جمعہ کی سہ پہر کو شیخ جرح سے سلواں تک ایک ریلی نکالی تھی، جس کا مقصد دو فلسطینی باشندوں کی حمایت کرنا تھا جنہیں گھر خالی کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
اس دوران مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرائے۔اسرائیلی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کا استعمال کیا۔ فلسطینی اور اسرائیل پولیس کے درمیان جھڑپ میں درجن سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
مشرقی یروشلم میں درجنوں فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کے لئے یہودی آباد کاروں کی ایک دیرینہ مہم ابھی بھی جاری ہے۔ اسی کے باعث اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ دنوں گیارہ روزہ جنگ ہوئی تھی۔
بدامنی پھیلنے پر اسرائیل کے اٹارنی جنرل کی مداخلت نے اس پر فی الحال روک لگا دی ہے۔ لیکن انسانی حقوق گروپوں کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں میں بھی اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ کیونکہ بین الاقوامی توجہ کم ہو رہی ہے اور ممکنہ طور پر خونریزی کا ایک اور دور بھڑک سکتا ہے۔