mob lynching and beating up muslims continue in the country
قومی خبریں

ایک ہی دن میں تین مسلم افراد ہجومی تشدد کا شکار، ایک ہلاک

ملک میں گائے کے نام پر مسلمانوں کے ساتھ جاری زیادتی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آئے دن کسی نہ کسی ریاست سے فرقہ پرست عناصر گاؤ رکشکوں کے ذریعہ مسلمانوں کو زد و کوب کرنے اور قتل کرنے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ تازہ معاملہ ہریانہ کا ہے جہاں ایک مسلم مزدور کو گائے کا گوشت کھانے کے شک میں فرقہ پرست عناصر نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے ہریانہ کے چرکھی دادری ضلع میں سات فرقہ پرست عناصر گاؤ رکشکوں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان پر مغربی بنگال کے ایک مہاجر مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق صابر ملک کو 27 اگست کو قتل کیا گیا تھا۔ افسر نے بتایا کہ ملزمین کو شک تھا کہ مقتول نے گائے کا گوشت کھایا ہے۔

گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں ملزمین نے دو مہاجر نوجوانوں کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے دکان پر بلایا اور پھر ان کی پٹائی کی۔ بدھرا ٹاؤن میں مار پیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ اس دوران صابر ملک کی موت ہو گئی، ایک اور شخص شدید زخمی ہے۔ پولیس نے پورے معاملے میں سات شرپسندوں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ صابر ملک چرکھی دادری ضلع کے باندرہ گاؤں کے قریب ایک کچی بستی میں رہتا تھا اور روزی روٹی کے لیے کوڑا کرکٹ جمع کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف انڈین جسٹس کوڈ (بی این ایس) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • تھانے میں ٹرین میں بزرگ مسلم شخص تشدد کا شکار

مہاراشٹرا کی دھولے ایکسپریس میں گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں ایک بزرگ مسافر کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ مسافروں کے ایک گروپ نے بزرگ مسلم شخص کو گائے کا گوشت لے جانے کا شک کرتے ہوئے مارا پیٹا۔ ریلوے پولیس کمشنر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی اور اس کی پٹائی کرنے والے مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

شکایت کنندہ کے بیان کی بنیاد پر تھانے جی آر پی پولیس نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت 5 سے زیادہ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تھانے ضلع کے کلیان اور اگت پوری اسٹیشن کے درمیان ٹرین میں ایک بزرگ کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بزرگ مسافر اپنی بیٹی سے ملنے جا رہے تھے۔

  • مار پیٹ کے بعد ویڈیو بنائی

اس واقعہ کے سلسلے میں تھانے ریلوے پولیس شکایت کنندہ کی بیٹی کے گھر گئی اور اس کا بیان ریکارڈ کیا۔ اس کے پاس کچھ سامان بھی تھا لیکن کچھ مسافروں کو شک تھا کہ اس کے سامان میں گائے کا گوشت ہے۔ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے پلاسٹک کے بڑے ڈبے کو چیک کیا تو اس میں گوشت جیسی چیز تھی لیکن وہ ان سے پوچھ گچھ کرنے لگے کہ یہ کس کا ہے۔ اس کے بعد اس کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور کچھ نوجوانوں نے اسے مارا پیٹا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

  • سیٹ پر لڑائی شروع ہوگئی

جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو جی آر پی نے اس بزرگ کی تلاش کی اور شکایت درج کرانے کے لیے اس سے رابطہ کیا۔ تھانے جی آر پی نے چلتی ٹرین میں ایک بزرگ مسافر کی پٹائی کرنے پر 5 سے زیادہ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ دھولے ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا۔ پہلے سیٹ پر جھگڑا ہوا اور پھر گائے کے گوشت کے ساتھ سفر کرنے کا الزام لگا کر اس کی پٹائی کی۔ واقعے کے مشتبہ ملزمان کو دھلے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ اسے تھانے لانے کے لیے ایک ٹیم بھیجی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور وائرل ویڈیو کی جانچ پڑتال کے بعد ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔