urdu poets directory
متفرق مضامین

گورنمنٹ اردو لائبریری پٹنہ کی پیشکش: "شعراء و ادباء کی ڈائرکٹری”

گورنمنٹ اردو لائبریری، پٹنہ کی تاریخ میں پہلی دفعہ سال رواں (2024)میں بہار کے شعراء و ادباء کی ڈائرکٹری شائع ہوئی ہے جس کا شاندار اجرا بہار اسٹیٹ الیکٹری سیٹی ریگولیٹری کمیشن کے چیئرمین اور ریاست کے سابق چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی کے دست مبارک سے گزشتہ چار اگست 2024 کو گورنمنٹ اردو لائبریری کے بالائی منزل پر واقع کانفرنس ہال میں عمل میں آیا۔ اس ڈائرکٹری کے مرتب لائبریری ہذا کے فعال چیئرمین جناب ارشد فیروز ہیں، جبکہ اس کے معاون مرتبین پرویز عالم، محمد اظہر الحق اور محمد شاہد الحق ہیں- 153 صفحات پر مشتمل اس ڈائرکٹری میں کل 127 ادباء و شعراء کے تعارف نامے شامل ہیں جن میں معروف شخصیات کے ساتھ غیر معروف اشخاص کو بھی جگہ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

ادباء و شعراء کی فہرست دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ڈھیر سارے اہم نام اس ڈائرکٹری میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں- اس کی دو وجہیں ہو سکتی ہیں- اول یہ کہ ان حضرات تک اس ڈائرکٹری کے شائع ہونے کی اطلاع نہیں پہنچ سکی اور دوم یہ کہ اطلاع ہونے کے باوجود لوگوں نے اس ڈائرکٹری میں اپنا نام شامل کرانے کے لیے دل چسپی نہیں لی، جس کے سبب ان کا نام ڈائرکٹری میں شامل نہیں ہو سکا- اس امر کی وضاحت لائبریری کے چیئرمین اور ڈائرکٹری کے مرتب جناب ارشد فیروز نے اپنی تحریر بہ عنوان” اپنی بات” میں یوں کیا ہے :
” ڈائرکٹری کی اشاعت کے لیے مختلف ذرائع اخبار، واٹس ایپ، سوشل میڈیا کے حوالے سے فارمٹ فراہم کراتے ہوئے یہ امید کی گئی کہ آپ سے حاصل شدہ تعارف نامہ کو ڈائرکٹری میں شامل کیا جائے- مختلف ذرائع ابلاغ سے جو تعارف نامہ لائبریری کو موصول ہوا اس کی اشاعت کی جا رہی ہے- ہم آئندہ بھی آپ کے تعاون کے خواہاں ہیں-”
( شعراء و ادباء کی ڈائرکٹری – صفحہ: 13)

جناب ارشد فیروز نے اپنی تحریر” اپنی بات "کے توسط سے لائبریری میں بحیثیت چیئرمین اپنی تقرری کے بعد سے لے کر آج تک یعنی گزشتہ پانچ برس کی اپنی کارکردگی کو نہایت مختصر الفاظ میں تحریر فرمایا ہے، جن کاموں سے اہل نظر پوری طرح واقف بھی ہیں- واقعی لائبریری کے لیے جناب ارشد فیروز کی کارکردگی قابل تعریف اور قابل تحسین ہے- یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جناب ارشد فیروز کے دور میں گورنمنٹ اردو لائبریری، پٹنہ ترقی کی بلندیوں کو سر کر رہی ہے- موصوف کے چیئرمین شپ کے دور میں لائبریری نے کئی تاریخ رقم کی ہے، جن میں لائبریری کی سبھی کتابوں کی بار کوڈنگ( Bar Coding) کرنا ، لائبریری کی اپنی ویب سائٹ (Website) بنانا، لائبریری کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا، لائبریری کی بہتری کے لیے سبکدوش عملے جناب پرویز عالم اور جناب محمد اظہر الحق کی مدت ملازمت میں توسیع کرانا، گروپ ڈی کے پانچ عملوں اور ایک کمپیوٹر آپریٹر کی تقرریاں جیسے اہم کام شامل ہیں۔

مزید قابل ذکر کام بھی جو جناب ارشد فیروز کی خصوصی دل چسپی کے نتیجے میں انجام پذیر ہوئے ان میں سال 2023 میں لائبریری کی تاریخ میں شاید پہلی دفعہ ایک شاندار سووینئر (Souvenir) کا شائع ہونا، اردو شعر و ادب کی مشہور شخصیتوں کے یوم پیدائش /یوم وفات کے موقع پر یادگاری تقریب منعقد کرنے کا سلسلہ شروع ہونا- اس کے علاوہ بین الاقوامی” یوم مادری زبان”، "لائبریرن ڈے”، طلبہ کے درمیان مضمون نگاری مقابلہ جیسے تقریبات منعقد ہونے کا سلسلہ شروع ہوا- لائبریری کی تاریخ کا شاید ایک اور پہلا واقعہ ہے کہ جب لائبریری کی جانب سے اردو کے سرکردہ ادیبوں، شاعروں اور صحافیوں کو ان کی بیش قیمتی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازے جانے کا سلسلہ شروع ہوا- اس کڑی میں شامل نامور اور بزرگ شخصیات کو” لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا- سال رواں میں ابھی تک دو دفعہ یہ پروگرام منعقد ہو چکا ہے- آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہنے کی امید ہے-

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جناب ارشد فیروز اپنی ہمت، حوصلہ، جذبہ اور خلوص کے معاملے میں اردو ڈائرکٹوریٹ کے سابق ڈائرکٹر جناب امتیاز احمد کریمی کی مانند ہیں- جناب امتیاز احمد کریمی نے جس طرح اپنے ڈائرکٹر شپ کے زمانے میں اردو ڈائرکٹوریٹ کو فرش سے اٹھا کر عرش پر پہنچانے کا مثالی کارنامہ انجام دیا اور بہار کی اردو ڈائرکٹوریٹ کو ملکی سطح پر متعارف کرایا، اسی طرح جناب ارشد فیروز نے گورنمنٹ اردو لائبریری کو بام عروج تک پہنچانے کی ایک ایسی مثال قائم کر دی ہے جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی- یہ سب موصوف کی ہمت حوصلہ، جذبہ، خلوص اور اردو سے ان کی والہانہ محبت کی دلیل ہے- جناب ارشد فیروز کی یہ خوش قسمتی ہے کہ ان کے ساتھ پروفیسر علیم اللہ حالی، سید اکبر رضا نقوی( اکبر رضا جمشید) اور ڈاکٹر انوار الہدی جیسے اہل علم، دیدہ ور اور اردو کے جانثار ان کی منتظمہ کمیٹی میں شامل ہیں جن کا مخلصانہ تعاون انہیں بھرپور طور پر حاصل ہے –

جناب ارشد فیروز کا لائبریری کے لیے سب سے بڑا اور تاریخی کارنامہ لائبریری کی قدیم عمارت کو برقرار رکھتے ہوئے اسی احاطے میں نئی پانچ منزلہ عمارت کی تعمیر کرانا ہے- اس نئی عمارت کی تعمیر کا کام عنقریب پائے تکمیل کو پہنچنے کو ہے- لائبریری کی یہ نئی عمارت بطور تحفہ نہیں ملی ہے بلکہ یہ جناب ارشد فیروز صاحب کی انتھک محنت، کاوش اور ان کے تدبر کا نتیجہ ہے – موصوف کی کوششوں اور ان کی خصوصی دل چسپی کے سبب ہی محکمہ تعلیم نے لائبریری کی نئی عمارت تعمیر کرانے کا فیصلہ لیا اور 26 ستمبر 2022 کو اس وقت کے وزیر تعلیم حکومت بہار پروفیسر چند رشیکھر کے ہاتھوں لائبریری کی 3.07 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا – جناب ارشد فیروز کی یہ فیروز بختی ہے کہ گورنمنٹ اردو لائبریری، پٹنہ کے تعلق سے ان کا نام لائبریری کے بانی ڈاکٹر سید محمود( مرحوم) کے ساتھ یاد کیا جائے گا- ڈاکٹر سید محمود جہاں لائبریری کے بانی کی حیثیت سے یاد کیے جاتے ہیں وہیں جناب ارشد فیروز لائبریری کی نئی پانچ منزلہ عمارت کے بانی کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے- جناب ارشد فیروز کے لیے اس دعا کے ساتھ اپنی بات ختم کرتا ہوں: دلوں کو فکر دو عالم سے کر دیا آزاد

تیرے جنوں کا خدا سلسلہ دراز کرے