مسلم دنیا

غزہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے میں ایک سو فلسطینی شہید

غزہ : غزہ میں اسرائیل کے تازہ حملہ میں ایک سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ ہفتے کے روز اسرائیل نے غزہ کے ایک اسکول پر حملہ کردیا جس میں ایک سو افراد شہید ہوگئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے تازہ ترین واقعے کو "خوفناک قتل عام” قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کے اہلکار آگ پر قابو پانے اور ملبے سے لاشیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر کے ایک اسکول پر حملہ ہوا، اسرائیلی حملہ میں کم از کم ایک سو فلسطینی جاں بحق ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے کہاکہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے میڈیا کو بتایا کہ "ہلاکتوں کی تعداد تقریباً ایک سو ہوسکتی ہے جبکہ حملہ میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ تین اسرائیلی راکٹ اسکول پر گرے جو بے گھر فلسطینیوں کی رہائش گاہ تھا”۔ ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے بتایاکہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ اس حملے میں ایک سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں‘۔

بسل نے اس واقعے کو "ایک ہولناک قتل عام” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عملہ حملے میں شہید ہونے والوں کی لاشوں کو نکالنے اور زخمیوں کو بچانے کے لیے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے ’حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر موجود تھے۔

غزہ میں جنگ حماس کے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے سے شروع ہوئی، اس دوران حماس نے 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا تھا، جن میں سے اب صرف 111 ہی زندہ بچے ہیں اور وہ فی الحال غزہ میں قید ہیں۔ وہیں اسرائیلی حملہ میں اب تک 39,699 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔