Namaz in college
قومی خبریں

کیرالہ کے کالج میں طلبہ کے نماز پڑھنے پر روک، طلبہ کا احتجاج

کیرالہ میں چرچ کے زیر انتظام ایک ادارے نرملا کالج کے مسلم طلباء کو کیمپس کے احاطے میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز، طلباء کے ایک گروپ نے نرملا کالج کے اندر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ غیر تدریسی عملے نے کئی طالبات کو ادارے کے اندر ایک کمرے میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکا۔

مقامی چینلز سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں، احتجاج کرنے والے طلباء نے دعویٰ کیا کہ کئی دنوں سے دفتر کے عملے نے ان کی نماز میں رکاوٹیں ڈالی تھیں اور پرنسپل سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ بی جے پی نے اس واقعہ پر تنقید کرتے ہوئے بعض گروہوں پر ہندو اور عیسائی برادریوں کے ذریعہ چلائے جانے والے تعلیمی اداروں میں بدامنی پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی سربراہ کے سریندرن نے کہا کہ "کچھ لوگ کالج کے پرنسپل کو نماز پڑھنے کی اجازت نہ دینے پر دھمکی دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسی حرکتوں کے پیچھے انتہا پسند ہیں”۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان گروپوں کو بائیں بازو اور کانگریس پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔

اس کے جواب میں، حکمران جماعت سی پی آئی (ایم) سے وابستہ اسٹوڈنٹ فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) نے کہا کہ دائیں بازو کی تنظیمیں احتجاج کے لیے ان پر غلط الزام لگا رہی ہیں۔ "ایس ایف آئی کیمپس کو سیکولر برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش تھی۔ ایس ایف آئی اس بات سے آگاہ ہے کہ کیمپس میں کسی خاص مذہب کی رسومات ادا کرنے کی اجازت دینے سے تمام مذاہب کی رسومات کی پابندی ہو سکتی ہے، جس سے کیمپس کی سیکولر روح متاثر ہو سکتی ہے”۔

ایس ایف آئی کے ریاستی سکریٹری پی ایم آرشو نے کہا کہ بی جے پی کے الزام کے مطابق ان کی تنظیم احتجاج میں شامل نہیں تھی۔ سائرو مالابار چرچ سے وابستہ کیتھولک کانگریس نے اس احتجاج کی مذمت کی اور ایسی تقسیم کرنے والی قوتوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

تنظیم نے کہا کہ“تعلیمی ادارہ طلباء کو جمعہ کے دن قریبی مسجد میں نماز پڑھنے کا وقت دے سکتا ہے۔ لیکن کالج کیمپس میں خواتین کے لیے جگہ کی اجازت دینے کا مطالبہ صرف اس لیے قبول نہیں کیا جا سکتا کہ مسجد خواتین کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے گی‘‘۔