نئی دہلی: راجستھان کے اسکولوں میں راجستھان حکومت کے ذریعہ اسکولوں میں سوریہ نمسکار لازم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، بالخصوص 15 فروری کو سبھی اسکولوں میں سوریہ سپتمی کے موقع پر اسے لازم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء راجستھان کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس مسلم مسافر خانہ جے پور میں منعقد ہوا۔
منظور شدہ قرار داد میں اسکولوں میں 15 فروری کو اجتماعی سوریہ نمسکار مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت اور آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔ لہٰذا مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 15.02.2024 کو سوریہ سپتمی کے دن طلبہ کو اسکول نہ بھیجیں اور اس تقریب کا بائیکاٹ کریں۔
ریاستی مجلس عاملہ نے واضح کیا کہ اکثریتی ہندو سماج میں سوریہ کو خدا/دیوتا کے طور پر پوجا جاتا ہے۔ اس عمل میں بولے جانے والے کلمات، اشلوک وغیرہ جیسی سرگرمیاں پوجا کی ایک شکل ہیں، جب کہ مسلمانوں کے لیے اللہ کے سوا کسی کی عبادت شرک ہے۔ اس لیے امت مسلمہ کسی بھی صورت میں اسے قبول نہیں کرے گی۔
جمعیۃ علماء ہند یہ مانتی ہے کہ کسی بھی جمہوری ملک میں یوگا کے بہانے کسی خاص مذہب کے عقائد کو دوسرے مذاہب کے لوگوں پر مسلط کرنا، بالخصوص بچوں کو مجبور کرنا آئینی اصولوں اور مذہبی آزادی نیز چائلڈ رائٹس کی کھلی خلاف ورزی اور ایک مذموم کوشش ہے۔ ہم ملک کے جمہوری نظام کے مطابق اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔
- راجستھان ہائی کورٹ میں عرضی دائر
جمعیۃ علماء ہند سمیت دیگر مسلم تنظیموں نے اسکولوں میں سوریہ نمسکار کے خلاف راجستھان ہائی کورٹ میں ایک مشترکہ عرضی داخل کی ہے، جس میں 15 فروری کے پروگرام اور اسکولوں میں لازمی سوریہ نمسکار کے فیصلہ کو کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت کے لئے 14 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔