حیدرآباد: پرانے شہر کے علاقے ایرا کنٹہ سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لڑکی دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ کل رات وہ روز کی طرح ٹیوشن سے بذریعہ آٹو اپنے گھر واپس ہونے کے لیے چندرائن گٹہ میں آٹو میں سوار ہوئی، راستے میں آٹو ڈرائیور نے آٹو کا رخ موڑ دیا اور لڑکی کے چہرے پر اسپرے چھڑک کر اس کے اغوا کرنے کی کوشش کی۔
لڑکی نے برقعہ پہنا ہوا تھا اور فیس پیس لگایا ہوا تھا جس کے باعث اسپرے کا اتنا اثر نہیں ہوا تا ہم لڑکی نے شور مچایا اور چلتے آٹو سے کود پڑی۔ گھر پہنچ کر اس نے اپنے ارکان خاندان کو تفصیلات سے واقف کروایا، وہ بنڈلہ گوڑہ پولیس سے رجوع ہوئے اور پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے اور مقام واقعہ کا معائنہ کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تاکہ اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے آٹو ڈرائیور کا پتہ لگایا جا سکے۔ بنڈلہ گوڑہ پولیس اس آٹو ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے جس نے کم عمر طالبہ کے اغوا کی کوشش کی تھی۔