یروشلم: غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوج کی بربریت میں 166 فلسطینی افراد شہید اور سینکڑوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ الجزیرہ کی خبر کے مطابق 7 اکتوبر سے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازعہ بڑھ گیا تھا، غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شہداء کی کل تعداد بڑھ کر 20424 ہو گئی ہے، جب کہ 50 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر کو فلسطینی تحریک حماس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پرراکٹ حملہ کیا اور اس کے جنگجوؤں نے سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجیوں اور شہریوں پر فائرنگ کی۔ اس کے نتیجے میں اسرائیل میں 1,200 سے زیادہ لوگ مارے گئے اور تقریباً 240 دیگر کو اغوا کر لیا گیا۔
اسرائیل نے جوابی حملے شروع کیے، غزہ کی مکمل ناکہ بندی کی گئی اور حماس کے جنگجوؤں کو ختم کرنے نیز یرغمالیوں کو بچانے کے فلسطینی علاقے میں زمینی دراندازی شروع کی۔ قطر نے 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک عارضی جنگ بندی اور کچھ قیدیوں و یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کے لیے ایک معاہدے کی ثالثی کی۔ جنگ بندی میں کئی بار توسیع کی گئی اور یکم دسمبر کو اس کی میعاد ختم ہو گئی۔
- فلسطین میں عیسیٰ مسیح کی جائے پیدائش کرسمس پر غم کا ماحول
غزہ میں لگاتار اسرائیلی جارحیت کا کرسمس کے جشن پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔ جہاں پوری دنیا میں عیسائی برادری عیسی مسیح کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہے وہیں فلسطین کے بیت اللحم علاقے میں واقع عیسی مسیح کی جائے پیدائش میں ہی ماتم کا ماحول ہے۔ بیت اللحم میں کرسمس کے موقع پر بھی سناٹا چھایا ہوا ہے۔ وہاں اس بار نہ تو کرسمس ٹری سجایا گیا ہے اور نہ ہی روشنیوں کا کوئی انتظام کیا گیا ہے۔ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر سے سیاح بیت اللحم آتے ہیں لیکن اس سال فلسطین میں رہنے والے عیسائی بھی اسرائیل کی لگاتار جارحیت سے غمزدہ ہیں۔ واضح رہے کہ بیت اللحم مقبوضہ مغربی کنارے میں یروشلم کے جنوب میں آباد فلسطینی شہر ہے۔ بیت اللحم کے عیسائیوں کے اکثر کے رشتہ دار غزہ میں مقیم ہیں جن میں کئی افراد اسرائیلی بمباری کا شکار بھی ہوئے ہیں۔
- وسطی غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 70 افراد شہید
وسطی غزہ پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر اتوار کو اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 70 فلسطینی افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ غزہ میں قائم وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرہجوم رہائشی علاقے پر فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ المغازی پناہ گزین کیمپ کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ اور خان یونس کے جنوبی قصبے پر بھی حملہ کیا۔ غزہ میں قائم وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینی افراد کی تعداد 20,424 ہو گئی ہے اور 54,036 دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔
دریں اثناء اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں غزہ میں کل 15 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس سے غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی کل تعداد 154 ہوگئی جسے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کا بدلہ لینے کےلئے کیا گیا تھا، جس میں 1200 اسرائیلی مارے گئے اور 200 سے زیادہ یرغمال بنائے گئے۔