ahad tamimi
مسلم دنیا

فلسطینی کارکن عہد تمیمی سمیت 50 خواتین رہائی میں شامل

اسرائیل کے محکمہ انصاف نے رہائی کے اہل 50 قیدیوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں 22 سالہ فلسطینی کارکن عہد تمیمی رہائی کے لئے اہل 50 خواتین میں شامل ہیں۔ دوسری جانب، غزہ میں جنگ بندی کے باوجود مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے اور فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یروشلم: اسرائیل کی قیدیوں میں شامل فلسطینی کارکن عہدتمیمی ان 50 خواتین میں شامل ہیں جنہیں ‘رہائی کے لیے اہل’ قرار دیا گیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے محکمہ انصاف نے رہائی کے اہل 50 قیدیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ یہ فہرست اسرائیلی یرغمالیوں کی مزید رہائی کی توقع میں جاری کی گئی تھی۔ 22 سالہ فلسطینی کارکن تمیمی کو 6 نومبر کو مغربی کنارے پر اسرائیلی چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

  1. اسرائیلی چھاپے اور فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری

غزہ کی پٹی میں اعلان کردہ مختصر جنگ بندی کے باوجود مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے اور فلسطینی افراد کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں یرغمالیوں کے بدلے میں چند درجن فلسطینیوں کو رہا کیا ہے مگر دوسری طرف اسرائیلی فوج نے غرب اردن سے حالیہ چند دنوں میں سینکڑوں فلسطینی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

فلسطینی محکمہ امور اسیران اور اسیران کلب کی تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شروع کی گئی گرفتاری مہم کی تعداد 3,200 سے زیادہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر نوجوانوں کو ان کے گھروں سے یا اسرائیلی چوکیوں سے اٹھایا گیا۔

اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے میں قلقیلیہ پر بھی دھاوا بول دیا، ایک نوجوان کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ گذشتہ روز بھی اسرائیلی فورسز نے الخلیل کے مشرق میں واقع قصبے بنی نعیم میں چھاپوں اور دراندازی کے واقعات میں 26 افراد کو گرفتار کر لیا۔

غرب اردن میں فلسطینی افراد کی گرفتاریوں کا سلسلہ 7 اکتوبر سے جاری ہے۔ گذشتہ جمعہ کو حماس اور اسرائیل کے درمیان طے شدہ جنگ بندی کے بعد اب تک تقریباً 68 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے جب کہ اس دوران 150 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا ہے۔