muslim reservation in Telangana
تلنگانہ قومی خبریں

یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے، ریزوریشن پورے ملک میں موجود ہے: اویسی اور اظہر الدین کا ردعمل

تلنگانہ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو مسلم ریزرویشن ختم کردیا جائے گا۔ اسی پر اسد الدین اویسی اور اظہر الدین نے رد عمل کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر مسلم ریزرویشن پر ان کے بیان پر سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ ” یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حیدرآباد میں بی جے پی کے منشور کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو 4 فیصد "غیر آئینی” مسلم ریزرویشن کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔

حیدرآباد کے علاقے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ لوگوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ "تمام مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملتا، صرف پسماندہ طبقے میں درج لوگوں کو ملتا ہے۔ امت شاہ کا کہنا ہے کہ تمام مسلمانوں کو ریزرویشن ہندوؤں کو نفرت سے بھرنے کے لیے ملتا ہے۔ ریزرویشن ہٹانے کا مطلب پسماندہ مسلمانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنا ہے”۔

اویسی نے کہا کہ "یہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست ہے۔ یہ میرا تلنگانہ کے تمام درج فہرست قبائل کو پیغام ہے کہ وہ بی جے پی کا بائیکاٹ کریں۔ وہ آپ کی قبائلی حیثیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میں امت شاہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندو غیر منقسم خاندان کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے”۔ اویسی نے کہا کہ اس 4 فیصد ریزرویشن کے لیے بہت قربانیاں دی گئی ہیں۔

رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ "مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آئے اور مجلس پر براہ راست حملے شروع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو موقع ملا تو مسلمانوں کو جو 4 فیصد ریزرویشن ملتا ہے، وہ چھین لیا جائے گا”۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی کو موقع ملا تو اس کے بعد تلنگانہ میں یکساں سول کوڈ لاگو کیا جائے گا۔ ہم نے اس وقت کے آندھرا پردیش میں اس ریزرویشن کے لیے مہم بھی چلائی تھی۔

وہیں دوسری جانب کانگریس کے رہنما اور ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ ریزرویشن پورے ملک میں موجود ہیں۔ آپ کو ریزرویشن دینا ہوگا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بی جے پی کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر آئینی مذہب پر مبنی ریزرویشن کو ختم کرے گی اور او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کو یہ ریزرویشن دیا جائے گا۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ "ہر پارٹی اپنا اپنا منشور جاری کرتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ ( ریزرویشن ہٹانا ) قابل عمل ہے یا بہت ایمانداری کا کام ہے۔ ریزرویشن پورے ہندوستان میں موجود ہیں، آپ کو ریزرویشن دینا ہوگا”۔

قبل ازیں جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حیدرآباد میں بی جے پی کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشور میں کی گئی یقین دہانیاں عوام کے لیے ‘پی ایم مودی کی گارنٹی’ ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار میں آئی تو مسلم ریزرویشن کو ختم کردیا جائے گا اور ریاست میں یکساں سول کوڈ بھی نافذ کیا جائے گا۔ پارٹی کے منشور کے مطابق بی جے پی نے ہر سال 17 ستمبر کو سرکاری طور پر حیدرآباد لبریشن ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔