Israel Gaza War
مسلم دنیا

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا آج بیسواں دن

غزہ کی پٹی میں الشطی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس جنگ کے باعث لاکھوں فلسطینی افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

غزہ: فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں الشطی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ”اسرائیلی قابض افواج نے الشطی پناہ گزین کیمپ میں گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران متعدد خاندانوں کا قتل عام کیا ہے اور درجنوں افراد کو شہید اور زخمی کیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں”۔

الشطی مہاجر کیمپ جس کو "بیچ کیمپ” بھی کہا جاتا ہے، غزہ کی پٹی کا تیسرا سب سے بڑا مہاجر کیمپ ہے۔ غزہ شہر کے بحیرہ روم کے ساحل پر واقع کیمپ 90,100 سے زیادہ رجسٹرڈ فلسطینی پناہ گزینوں کا گھر ہے۔ ارنوا کے مطابق یہ علاقہ دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

جنگ کا 20 واں دن:

لگاتار 20 دنوں سے اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے۔ فلسطینی اسرائیل کی فضائی کارروائی کو نسل کشی قرار دے رہے ہیں۔ مغربی ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عرب اور مسلم ممالک کی غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کو مسترد کیا جارہا ہے۔ یہی نہیں اسرائیل نے غزہ میں ایندھن پہنچانے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا ہے، ایندھن کی عدم فراہمی اور بجلی کی غیرموجودگی کے باعث غزہ کے اسپتال غیر فعال ہو رہے ہیں جبکہ صحت کا نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں 18 روز سے بجلی، پانی اور ایندھن کی فراہمی بند کردی گئی ہے جبکہ یہ واضح ہے کہ جنریٹرز کے بغیر اسپتال بھی کام کرنے سے قاصر ہورہے ہیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی بمباری میں 2 ہزار 7 سو سے زائد بچوں سمیت 6700 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ 17 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں غزہ کی 33 مساجد بھی شہید ہوچکیں ہیں۔

اسرائیل کی دفاعی افواج نے جمعرات کی صبح اعلان کیا کہ "لڑائی کے اگلے مراحل کی تیاری کے ضمن میں اس کے ٹینک اور پیادہ دستوں نے شمالی غزہ میں داخل ہوکر حماس کے متعدد اہداف، انفراسٹرکچر اور ٹینک شکن میزائل لانچ پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ڈی ایف کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فوجی دستے اپنی کارروائی کے بعد سے علاقے سے نکل کر اسرائیلی علاقے میں واپس آ گئے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے دو ٹوک پیغام میں کہا ہے کہ فلسطین میں اب مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتے، اسرائیل جنگ فوری بند اور غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور ناکہ بندی اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب رہنما سلامتی کونسل میں متفقہ پیغام کیساتھ آئے ہیں، فلسطین میں اب مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتے، فلسطین میں تمام شہری تحفظ کے مستحق ہیں۔