crime
قومی خبریں

مسجد کے سامنے گنیش کی پوجا کرنے پر 3 پولیس اہلکار معطل

ریاست کرناٹک کے ایک ضلع میں گنیش جلوس کے دوران مسجد کے سامنے پوجا کرنے اور اشتعال انگیز نعرے لگانے کا معاملہ سامنے آیا۔ اس ضمن میں تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

کوپل: کرناٹک کے ضلع کوپل میں ایک مسجد کے سامنے جلوس میں شامل شرپسند عناصر کی جانب سے گنیش کی مورتی کی پوجا کے بعد تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ ضلع کے ایس پی کی جانب سے انسپکٹر ادیویشا گڑی کوپا، پی ایس آئی کامنا اور ہیڈکانسٹیبل مریپا ہوسامنی کو معطل کرنے اور گنگاوتی سٹی پولیس اسٹیشن سے اٹیچ کرنے کا حکم صادر کیا گیا۔

حکم میں کہا گیا کہ 3 اکتوبر کو گنیش وسرجن کے دوران ڈیوٹی سے غفلت برتنے پر پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جاتا ہے۔ ہندو شرپسند عناصر نے جو ایک گاڑی میں گنیش جلوس نکال رہے تھے، اسے کوپل شہر کی جامع مسجد کے سامنے روکا اور وہاں پوجا کی۔

پولیس نے بتایا کہ مذکورہ بالا عہدیدار اس ضمن میں احتیاطی اقدام کرنے میں ناکام رہے اور اس واقعہ کی وجہ سے کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی۔ 30 ستمبر کو نوجوانوں کی جانب سے نعرہ بازی اور مسجد کے سامنے خصوصی پوجا کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

اس سلسلے میں 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اِس کے باوجود 3 اکتوبر کو ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش آیا اور مسلم قائدین نے اس پر سخت اعتراض کیا۔ بعدازاں پولیس ملازمین کی معطلی کے احکام صادر کئے گئے۔