azam khan
قومی خبریں

سماجوادی پارٹی رہنما اعظم خان کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپے

لکھنؤ: محکمہ انکم ٹیکس نے آج سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ریاستی وزیر، اعظم خان کے گھر پر چھاپہ ماری کی ہے۔ اطلاع کے مطابق یہ چھاپہ الجوہر ٹرسٹ کے حوالے سے مارا گیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کی ایک درجن ٹیموں نے رام پور، لکھنؤ، سہارنپور، غازی آباد، سہارنپور میں چھاپے مارے ہیں۔

دراصل، مقامی پولیس، سی بی آئی اور ای ڈی کے علاوہ انکم ٹیکس محکمہ اعظم خان، ان کی بیوی تنظیم فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم سے بھی تفتیش کر رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں دیے گئے حلف ناموں میں بے ضابطگیاں پائے جانے کے بعد انکم ٹیکس نے دونوں کو نوٹس جاری کیا تھا۔
اس کے علاوہ انکم ٹیکس کو اعظم خان کے الجوہر ٹرسٹ میں بھی کئی خامیاں ملی تھیں، جس کے بعد آج چھاپے مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق رام پور کے چمروا اسمبلی کے ایم ایل اے نصیر احمد خان کے گھر اور فارم ہاؤس پر بھی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اعظم خان کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ اسی طرح کا معاملہ ای ڈی کے ساتھ بھی چل رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ انکم ٹیکس کی ٹیم اعظم خان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔