(پریس ریلیز) نئی دہلی (24/اگست 2023ء) وطن عزیز ہندوستان کا چندریان۔3 منصوبہ کے مطابق 22/اگست 2023ء بروز بدھ چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کرگیا۔ یہ ہم ہندوستانیوں کے لئے خوشی اور مسرت کا موقع ہے کیونکہ وطن عزیز ہندوستان چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے، جبکہ چاند کے جنوبی قطب پر رسائی حاصل کرنے والا ہندوستان دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
اس کے لئے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن(اسرو) کی پوری ٹیم اور ہندوستانی عوام قابل مبارک باد ہیں کیونکہ اعلیٰ دماغ اور وقت کے مشہور سائنسدانوں پر مشتمل اسرو ٹیم کی انتھک محنتوں اور کاوشوں کے ذریعہ ہی یہ قابل فخر کارنامہ انجام پاسکاہے۔ ان خیالات کا اظہار اقرا انٹرنیشنل اسکول، جیت پور، نئی دہلی کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے چندریان۔۳ کے کامیاب لینڈنگ حوالے سے منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسرو کا قیام 1962ء میں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے ذریعہ عمل میں آیا تھا اور اس وقت سے ہمارے دیش کے سائنسداں متنوع میدانوں میں کامیابی کے پرچم لہرا رہے ہیں۔ وطن عزیز کے سائنسدانوں نے چاند پرکمندیں ڈالنے خواب دیکھا تھاجو آج ہمارے اعلیٰ دماغ سائنسدانوں کی شبانہ روز مساعی کی بدولت ساکار ہوا ہے جوکہ ان کی مسلسل کوششوں کا ثمرہ ہے،اس سے آپ طلباء کو بھی سیکھنے کی ضرورت ہے کہ کوششیں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، عمل پیہم اور جہد مسلسل ہو تو کامیابی ضرور قدم بوسی کرتی ہے۔
اس موقع پر مولانا محمد اظہر مدنی نے ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ اور میزائل مین اے پی جے ابوالکلام کوبطور خاص یاد کیا اور سائنس کے میدان میں ان کے قابل قدر کارناموں کا ذکر جمیل کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اے پی جے عبدالکلام نے چاند پر پہنچنے کا خواب دیکھا تھا جسے اب اسرو نے شرمندہئ تعبیرکردیا ہے۔یہ واقعی خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں وطن عزیز کی نمایاں اور قابل فخر کامیابی ہے۔
اسکول کی پرنسپل شہانا تبسم نے بھی اس موقع سے اسرو کی ستائش کی اور اس عظیم کامیابی پر ہندوستانی عوام کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ چندریان۔۳ کی لینڈنگ یقینی طور پر بڑی کامیابی ہے،چنانچہ ہمارے طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ علم و تحقیق کے میدان میں خوب سے خوب تربننے کی کوشش کریں تاکہ ایک روز وطن عزیز کا نام روشن کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے عالمی گرو بننے کی سمت میں یہ عظیم پیش رفت ہے۔ ہمارے آباء و اجداد نے جس عظیم ہندوستان کا خواب دیکھا تھا، اسی سمت تیزی کے ساتھ رواں دواں ہے اور ہر روز سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی نئی فتوحات حاصل کررہا ہے۔ہمیں اس موقع پر یہ بات بھی یاد رکھنی چاہئے کہ یہ ترقی کے منازل انسانیت کی فلاح و بہبود اور بقاء کے لئے طے کئے جارہے ہیں جو اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے ساتھ ساتھ باہمی اخوت و بھائی چارہ، امن و شانتی، قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسانی ہمدردی کو فروغ دینے کا مشن جاری رکھیں اور انسانیت کا بھولا ہوا سبق پھرسے یاد کریں تبھی ہماری کامیابی معنیٰ خیز ہوگی اور ہم اس ترقی سے حقیقی معنوں میں فیضیاب ہوسکیں گے۔
اسکول کے کوآرڈینیٹر مولانا سعیدالرحمٰن نورالعین سنابلی نے اسرو ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعی اسرو کی یہ کامیابی بہت عظیم ہے اور یہ کامیابی ہمارے لئے باعث صد افتخار ہے اور ساتھ ہی ساتھ مستقبل میں دیگر میدانوں میں کامیابیوں کی نویدجاں فزا بھی ہے۔آپ نے اس موقع پر اسکول کے طلبہ و طالبات کو اسرو کی کامیابی سے سبق حاصل کرنے اور اپنی زندگی کا ہدف متعین کرکے اس کے حصول کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آپ لوگ ملک کے مستقبل ہو اور آپ کے ہاتھ میں ہی ملک کا مستقبل ہے تو آپ کو محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
چندریان۔۳ کی کامیاب لینڈنگ پر اسرو کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرنے کے لئے منعقد اس پروگرام میں اسکول کی جن معلمات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں مہوش خان، صبحی ممتاز، شاہینہ رئیس، ظفیرہ آفتاب، رخسانہ، مہ جبین، امرین اور شہلا قمر اہم اور قابل ذکر ہیں۔پریس ریلیز کے مطابق اسکول کے تمام ذمہ داران، مولانا رئیس الاعظم فیضی، ارشداصغر،ڈاکٹر محمد اسعد اور اسکول کے دیگر وابستگان نے وطن عزیز کی اس شاندار کامیابی پر اسرو، حکومت اور ہندوستانی عوام کو مبارک باد پیش کی۔