انجم شاہین کو سرکاری نوکری حاصل
تلنگانہ قومی خبریں

فائرنگ میں شہید سیف الدین کی بیوہ انجم شاہین کو سرکاری نوکری کے آرڈر سپرد

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے وعدے کے مطابق جئے پور ممبئی ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پولیس کے اہلکار کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے حیدرآبادی نوجوان سید سیف الدین کی بیوہ انجم شاہین کو سرکاری نوکری کا آرڈر آج سپرد کردیا گیا۔

ریاستی اسمبلی میں واقع وزیر بلدی نظم و نسق تارک راما راو کے چیمبر میں سید سیف الدین کی بیوہ شاہین انجم نے مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی اور رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے ساتھ وزیر تارک راما راو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تارک راما راو نے انجم شاہین کو قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں نوکری کے آرڈر سپرد کیے۔ اس دوران ریاستی وزیر داخلہ محمود علی اور شہید نوجوان سید سیف الدین کے چھوٹے بھائی اور ان کے ماموں حافظ واجد پاشاہ بھی موجود تھے۔

تلنگانہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمت کے علاوہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے تین بچیوں کے لیے 6 لاکھ روپے کی مالی امداد اور ضیاگوڑہ میں ڈبل بیڈروم کا مکان کے پیپر بھی بیوہ کے سپرد کردئے گئے ہیں۔

تلنگانہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی مدد پر اکبر الدین اویسی نے ریاستی وزیر تارک راما راو سے تشکر کا اظہار کیا جنھوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ملک بھر کے لئے پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسمبلی میں اکبر الدین اویسی کی درخواست پر وزیر بلدی نظم نسق تارک راما راو نے سید سیف الدین کی بیوہ شاہین انجم کو بلدیہ یا کسی محکمہ میں سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا کہ وہ کل ہی نوکری کے آرڈر جاری کریں گے۔ اسی طرح بی آر ایس پارٹی کی جانب سے ہر لڑکی کے نام پر 2 لاکھ روپے دینے اور ڈبل بیڈروم کا مکان دینے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔