شہید حافظ سعد
حالات حاضرہ

شہید حافظ سعد نم آنکھوں سے سپرد لحد، جنازہ میں ہزاروں مسلمانوں کی شرکت

ریاست ہریانہ کے گروگرام میں شدت پسندوں کے ہاتھوں شہید کردہ مسجد کے امام حافظ سعد کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی اور نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق بہار سے تعلق رکھنے والے شہید حافظ سعد کی آج بہار میں سیتامڑھی ضلع کے منیاڈیہ گاؤں میں بعد نماز ظہر کے بعد نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حافظ سعد کی آبائی گاؤں میں ہی تدفین عمل میں آئی۔

ریاست بہار کے دار الحکومت پٹنہ و دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں عام مسلمانوں اور علمائے کرام نماز جنازہ و تدفین میں شرکت کی اور شہید کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

مولانا شبلی القاسمی کی قیادت میں امارت شرعیہ کے ایک وفد نے بھی اہل خانہ سے تعزیت کی اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفد میں مفتی ثناء اللہ قاسمی صاحب بھی موجود تھے۔ انہوں نے بہار حکومت سے مناسب معاوضہ کا بھی مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گروگرام میں ایک مسجد میں فرقہ پرست عناصر نے مولانا سعد پر فائرنگ کی اور انہیں شہید کردیا جبکہ اسی مسجد کو فرقہ پرست عناصر کی جانب سے نذر آتش کردیا گیا۔ہریانہ فرقہ وارانہ تصادم کے دوران اب تک دو مساجد کو نذر آتش کردیا گیا۔