حیدرآباد: مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی کے قریب ممبئی جے پور ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پولیس اہلکار کی فائرنگ میں تین مسلم افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں حیدرآباد کے رہنے والے نوجوان سیف الدین بھی شامل تھے۔
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص کا تعلق حیدرآباد کے بازار گھاٹ نامپلی سے ہے۔ ہلاک شدہ نوجوان کی شناخت سید سیف الدین کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج نے متوفی کے گھر جا کر ارکان خاندان سے ملاقات کی اس دوران انہوں نے مجلس کی جانب سے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا۔ میت کو حیدرآباد منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یقینا یہ حملہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف الدین اپنے گھر کا اکلوتا کمانے والا شخص تھا جس کے تین چھوٹے بچے ہیں۔ جعفر حسین معراج نے فائرنگ کے واقعے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرقہ پرستی کی انتہا ہے۔