فرقہ وارانہ منافرت کا بدترین واقعہ
قومی خبریں

فرقہ وارانہ منافرت کا بدترین واقعہ

ممبئی جے پور ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پولیس کے ایک اہلکار کی فائرنگ میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ٹرین گجرات سے ممبئی جا رہی تھی۔ مرنے والوں میں ریلوے پولیس فورس کے اے ایس آئی سمیت چار مسافر بھی شامل ہیں۔ ملزم چیتن کمار کا تعلق اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع سے ہے۔ وہیں تین ہلاک ہونے والے مسافر میں سے دو کی شناخت ہوئی ہے۔ جس میں اختر عباس علی (48) جو شیوڑی میں مزدوری کرتے تھے اور اصل میں وہ راجستھان کے رہائشی تھے جبکہ عبدالقادر محمد حسین بھانپورا والا (50) جو ممبئی کے نالاسوپارہ کے رہنے والے تھے۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واردات فرقہ وارانہ منافرت میں انجام دی گئی۔ اس واردات سے متعلق کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں ملزم مسلمانوں کے خلاف بولتا نظر آ رہا ہے۔ ان ویڈیوز میں یہ ملزم کہتا ہے کہ اگر مسلمانوں کو یہاں رہنا ہے تو یوگی اور مودی بولنا پڑے گا۔

فائرنگ کا یہ واقعہ واپی سے بوریولی میرا روڈ اسٹیشن کے درمیان پیش آیا۔ جے پور-ممبئی اکسپریس ٹرین پیر کی صبح بوریوالی سے میرا روڈ جا رہی تھی۔ اسی درمیان ٹرین میں سوار آر پی ایف کانسٹیبل چیتن نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ ٹرین کے B5 کوچ میں ہوئی۔ یہ واقعہ صبح تقریباً 5 بجے کا ہے۔ فائرنگ میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جس میں آر پی ایف کے اے ایس آئی ٹیکارام بھی شامل ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے کے بعد ٹرین کے کوچ میں موجود باقی مسافر خوفزدہ ہو کر اپنی جگہ پر بیٹھے رہے۔ فی الحال پولیس ٹرین کے مسافروں کے بیانات بھی ریکارڈ کر رہی ہے۔ پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔