سعودی وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا ہے کہ پانچ برس سے کم بچے اپنے والدین یا سرپرستوں کے ساتھ مسجد الحرام آسکتے ہیں۔ سعودی وزارت حج وعمرہ نے عمرہ پرمٹ کے ضمن میں کہا ہے کہ پرمٹ کم از کم عمر پانچ برس کے لیے ہے۔ عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا کہ پرمٹ کا حصول لازمی ہے۔ عمرہ کےلیے پرمٹ کا اجرا “توکلنا”یا “نسک”ایپ کے ذریعے کیا جارہا ہے۔
عمرہ پرمٹ کے لیے عمر کی کم از کم حد کا تعین پانچ برس ہے۔ اس سے کم عمر کے بچوں کو اپنے والدین کے ساتھ بغیر پرمٹ کے مسجد الحرام آنے کی اجازت ہے۔ عمرہ پرمٹ کے لیے لازمی ہے کہ پرمٹ حاصل کرتے وقت درخواست گزار کورونا وائرس میں مبتلا نہ ہو اور نہ اس دوران اس کا کسی ایسے شخص سے قریبی تعلق رہا ہو جو کورونا سے متاثر ہوا ہو۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد وقت اور دن کی پابندی کی جائے۔ پرمٹ کا مقصد مسجد الحرام میں اژدہام پر قابو پانا اور عمرہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ کووڈ کی وبا کے بعد حرمین شریفین میں داخلے کے لئے زائرین پر جو مرمٹ کے حصول کی پابندی عائد ہوئی تھی وہ اب بھی برقرار ہے تاہم اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔