یکساں سول کوڈ
حالات حاضرہ

یکساں سول کوڈ، قطعا غیر اسلامی

تقدیر کے پابند جمادات و نباتات
مومن فقط احکام الٰہی کا ہے پابند

اس وقت ہندوستانی مسلمان عجیب و غریب صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں ، مخالف طاقتیں مسلمانوں کو ہر طرف سے خوف زدہ اور ہراساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، ان کو مجبور و بے بس کرنے کے لئے پوری چال چل رہے ہیں ، دو ہزار چوبیس کے الیکشن میں جیت کے لئے ان کے پاس کوئی مدعا نہیں ملا، تو یکساں سول کوڈ کو الیکشن کا موضوع اور ایشو بنا لیا ہے اور وہ اس پر اگلا الیکشن جیتنا چاہ رہے ہیں۔

یہ بات یاد رہے کہ یکساں سول کوڈ کا معاملہ صرف مسلمانوں کا نہیں ہے ،یہاں کے بہت سے ذاتی اور دھرم کے لوگوں کے لئے بھی اس میں پریشانی اور دقت کا مسئلہ ہے ،اس لئے مسلمانوں کو جذباتی ہو کر نہیں، بہت ہی دانشمندی اور ذہانت سے اور قانونی چارہ جوئی کے ذریعہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے ۔وہ تو چاہتے ہی ہیں کہ یہ موضوع گرمائے اور ہندؤ مسلم میں خلیج پیدا ہو ،دوریاں بڑھے اور اس کا سیدھا فائدہ اگلے انتخاب میں اس کو ملے ۔۔

بہر حال اس تمہیدی گفتگو کی بعد میں اصل موضوع پر آتا ہوں کہ یکساں سول کوڈ سے کیا کیا نقصانات ہوں گے اور ہمارا ایمان و عقیدہ اور عائلی و معاشرتی نظام کس قدر تہس نہس ہو کر رہ جائے گا، اور خود ملک و قوم کا کتنا نقصان ہوگا ۔ ہم اس موضوع پر حضرت مولانا شاہ منت اللّٰہ رحمانی صاحب رح اور دیگر اکابر کے مضامین اور ان کی تقریروں سے بھی استفادہ کریں گے، تاکہ اس موضوع کا مالہ وما علیہ ہمارے ذہن میں آجائے ،اور ہم سامنے والے کو جواب دے سکیں۔۔۔

الحمدللہ ہندوستانی مسلمانوں کو یہ شرف اور عزت حاصل ہے کہ جب سے اللہ تعالیٰ نے انہیں اس سرزمین پر قدم رکھنے کا شرف بخشا، خدا کی کتاب کو اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو ہمیشہ سے وہ اپنے سینے سے لگائے رہے اور صرف یہی نہیں کہ حوادث و واقعات اور طوفان و مشکلات میں اس کی حفاظت کی اور اس کو مٹنے نہیں دیا ۔بلکہ اپنی محنتوں ،مشقتوں اور دیانتوں سے اس میں اضافہ بھی کیا ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے ہمیں جو ، منشور ،دستور ،قانون اور گائڈ لائن قرآن وحدیث کی روشنی میں پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے واسطے سے ملا، ہم اس کو اپنے سینوں سے لگائے ہوئے ہیں اور ان شاءاللہ تعالیٰ قیامت تک سینوں سے لگائے رہیں گے اور اس کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار رہیں گے ۔

آج بھی ہندوستان کے مسلمان بیدار ہیں ،ان کے دل میں یہ احساس پیدا ہوچکا ہے کہ وہ اپنے اقدار و روایات اپنے دین و شریعت کے تحفظ کیساتھ وہ ایک عزت و آبرو کی زندگی گزارے گا اور وہ اپنے مسلم پرسنل لا میں جس کی بنیادیں دین و شریعت پر ہیں، اس میں کسی قسم کی تبدیلی کو ہرگز پسند نہ کرے گا ۔ہندوستان کی حکومت کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کی کسی حکومت کو قانون شریعت میں مداخلت کا کوئی حق نہیں پہنچتا ۔اس لئے کہ یہ قانون انسان کا بنایا ہوا نہیں ہے،اللہ رب العزت کا نازل کردہ قانون ہے ۔یہ امانت ہے اور مسلمان اس امانت سے دست بردار نہیں ہوسکتا ۔اس امانت کو اپنے سینوں میں لگائے ہوئے زندہ رہنا چاہتا ہے ،ایک مسلمان کے لئے ضروری کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت رکھے اور ان کی لائی ہوئی شریعت پر آخری سانس تک قائم رہے ۔۔

نہ جب تک کٹ مروں میں کعبئہ یثرب کی حرمت پر
خدا شاہد ہے ،کامل میرا ایماں جونہی سکتا
قارئین باتمکین !

یہ بہت بڑا مغالطہ ہے ،جس کو متعدد ذرائع ابلاغ سے پھیلایا جارہا ہے کہ اگر کسی ملک میں ایک ہی طرح کا قانون نافذ کردیا جائے تو ہر طرح کی شکایتیں ہر طرح کی مشکلات ،ہر طرح کی خامیاں ، الجھنیں ،دقتیں اور ہر طرح کی رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی ۔اور وہاں امن و امان اور شانتی و صلح و آشتی کی فضا قائم ہوگی ،ہر طرف چین کی بانسری بجے گی کوئی کسی پر اتیا چار اور ظلم نہیں کرے گا ،فرقہ وارانہ کشیدگی اور فسادات نہیں ہوں گے ،سارے لوگوں کے دل مل جائیں گے اور ایک ہوجائیں گے ۔۔لیکن یاد رہے یہ بہت بڑا مغالطہ ہے، جس کو عام کیا جارہا ہے ۔

آپ میں سے اکثر لوگ جانتے ہیں کہ جنگ عظیم میں حصہ لینے والوں کا مذہب ایک تھا، ان کا قانون ،دستور اور سول کوڈ بھی تقریباً ایک تھا، لیکن اس کے باوجود آپس میں جو کشاکش،کشمکش اور غدر شروع ہوئی اور پھر ایک جنگ عظیم کی صورت اختیار کرلی، لاکھوں جانیں گئیں اور آج تک اس کے اثرات پڑ رہے ہیں ۔یہ کیسے ہوا جب کے ان کا مذہب، ان کا کلچر، ان کی تہذیب ان کا اسکول آف ٹھاٹ ایک تھا، مگر یکساں سول کوڈ اس عظیم جنگ اور عالمی ابتری اور فساد کو روک نہ سکا ۔۔پھر جن کا مذہب الگ، جن کی تہذیب الگ، جن کا کلچر الگ، جن کی روایات الگ، جن کے سوچنے کے طریقے الگ اور جن کے محبت و عقیدت کے پیمانے اور طریقے الگ ان کو یکساں سول کوڈ کیسے ملا سکے گا اور باہم مربوط و شیر و شکر کرسکے گا ۔اس سچائی کے باوجود یکساں سول کوڈ کا نعرہ حقائق کو جاننے کے باوجود یہ سمجھا جائے کہ یہ محض سیاسی نعرہ ہے ،اس کے پیچھے سازشی نظریات و افکار کے لوگ منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرہے ہیں تاکہ یہ ملک ایک ہندؤ راج والا ملک بن جائے اور یہاں کی جمہوریت اور رنگا رنگی کا خاتمہ ہوجائے ۔۔

اس لئے اس وقت جو سب سے سنگین مسئلہ مسلمانوں کو درپیش ہے، وہ قانون شریعت مسلم پرسنل لا میں ترمیم و تنسیخ کا ہے ۔مسلم پرسنل لا کو ختم کرنے اور سول کوڈ کے نفاذ کا مسئلہ ہے ۔یہ خطرہ صرف مسلم پرسنل لا ہی کا نہیں، بلکہ مسلمانوں کے نظام میں اور ان کے ملی وجود کا خطرہ ہے ۔میں تو یہ کہوں گا کہ مسلمانوں کی زندگی اور موت کا سوال ہے۔آزادی کے بعد ہی سے یہ سازشیں چل رہی ہیں کہ مسلمانوں کے وجود کو ان کے ملی شعائر اور عائلی شناخت کو ختم کردیا جائے اور یہاں اندلس کی تاریخ دھرا دی جائے ۔۔

آپ جانتے ہیں یکساں سول کوڈ جیسا بھی ہو ،بہر حال غیر شرعی اور غیر اسلامی ہوگا ۔خدا نخواستہ اگر یکساں سول کوڈ ڈالا گیا، تو مسلمانوں کی معاشرتی زندگی ،عائلی نظام بہت الجھنوں میں مبتلا ہو جائے گا اور بہت سے امور اور معاملات میں ہمیں قانون کے ذریعہ مجبور کیا جائے گا کہ ہم جائز اور حلال چیزوں کو بھی چھوڑ دیں اور حرام و نائز کو قبول کرلیں ۔

ہندوستان کے قانون سازوں کا ذہن مغربی سانچوں میں ڈھلا ہے اور قانون بناتے وقت ان کے سامنے کسی مغربی ملک یورپ و امریکہ کا کوئی نہ کوئی قانون رہا کرتا ہے، جو اس کے لئے رول ماڈل ہوتا ہے ۔اس لئے یاد رہے کہ یکساں سول کوڈ پورے طور پر مغربی طرز اور ساخت کا ہوگا ،جس کی ایک مثال ،،ہندؤ کوڈ،، ہے ۔ اگر خداناخواستہ اس ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ ہوگا ،حکومت نے یہاں یکساں سول کوڈ بنایا تو وہ موجودہ ہندؤ کوڈ کو یونیفارم سول کوڈ کا نام دے گی ،اسے تھوڑی بہت ظاہری تبدیلی کے ساتھ سول کوڈ بنا دیا جائے گا ۔۔۔