سکیورٹی فورسز کی شاندار پریڈ
مسلم دنیا

مکہ مکرمہ میں سکیورٹی فورسز کی شاندار پریڈ

سعودی عرب حکومت کی جانب حج 2023 کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ حج کے دوران سکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا جاتا ہے۔ اسی ضمن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے پریڈ کی گئی جس کے حسین مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔

یہ پریڈ مکہ میں منعقد کی گئی، لاکھوں عازمین حج کی مکہ مکرمہ میں آمد ہوچکی ہے۔

سکیورٹی فورسز کی پریڈ میں خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، پریڈ کے دوران سکیورٹی فورسز نے نماز بھی ادا کی۔ اس موقع پر شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے قد آور بینر بھی آویزاں کیے گئے تھے۔

پریڈ کا معائنہ کرنے کیلئے سعودی عرب کے وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود اور سینئر سیکیورٹی کمانڈرز بھی موجود تھے۔ اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے اسلحہ سمیت عمارت سے نیچے اترنے کا مظاہرہ کیا۔

چیف آف جنرل ڈائریکٹوریٹ فار پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد علی بسامی حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز حجاج کرام کے تحفظ کے لئے ہدایات پر عمل درآمد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے مکہ مکرمہ، مقدس مقامات، مدینہ اور دیگر سڑکوں پر سیکیورٹی مشق کی ہے۔ حج کے موقع پر سیکیورٹی مقاصد کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور دیگر ڈیجیٹل ایپس کو بھی استعمال کیا جائے گا۔